شگفتہ اعجاز کام کیوں نہیں کر رہیں؟ وجہ بتا دی

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے گزشتہ 6 ماہ سے کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

حال ہی میں زیرِ علاج شوہر یحییٰ صدیقی کے ہمراہ اسپتال میں اپنی شادی کی سالگرہ منانے والی اداکارہ نے نئی یوٹیوب ویڈیو میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے اس پر سکون اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے بیمار شوہر کی خدمت اور تیمارداری کی خاطر کسی ڈرامے میں کام نہیں کیا، اس دوران کئی ڈراموں کی پیشکش ہوئی، جنہیں اسکرین پر آن ایئر دیکھا تو احساس ہوا کہ یہ ڈرامہ مجھے آفر ہوا تھا لیکن میں کر نہیں سکی۔

انہوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت یحییٰ کے ساتھ گزارا، ان کی خدمت کی جس کا پھل مجھے گزشتہ روز (شادی کی سالگرہ کے موقع پر) مل گیا، یحییٰ نے مجھے پہچانا، گلے سے لگا کر میری خیریت معلوم کی، بچوں کے حوالے سے بھی پوچھا، یہ دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔شگفتہ اعجاز نے کہا کہ یہی زندگی ہے، گزشتہ 10 ماہ کے دوران میں نے اپنے بہت سے رشتے کھو دیے تو احساس ہوا، میں نے زندگی کی حقیقت کھلی آنکھوں سے دیکھ لی ہے کہ ہمارا انجام یہی ہے، جانے سے پہلے جو بیماری کی وجہ سے تکلیف ہوتی ہے اسے دیکھنا تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمارے پیارے اس دنیا سے چلے جاتے ہیں تو پھر ہم بس ان کی مغفرت کی دعا ہی کر سکتے ہیں کہ وہ جہاں ہیں وہاں خوش اور آرام سے رہیں۔خیال رہے کہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی چند ماہ سے کینسر کی وجہ سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، اداکارہ نے ناصرف شادی کی سالگرہ بلکہ اس سے قبل بیٹی کی گریجویشن کا جشن بھی شوہر کے ہمراہ اسپتال میں منایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close