بالی وڈ اداکارہ کو قتل کی دھمکیاں

اسلام آباد(پی این آئی)بالی وڈ اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو اپنی نئی فلم ‘ایمرجنسی ‘کی ریلیز سے قبل قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت اپنی نئی فلم ایمرجنسی میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھارہی ہیں، یہ فلم 6 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔اس فلم کی ریلیز سے قبل سوشل میڈیا پر کنگنا رناوت کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ اس نے کنگنا کو مخاطب کیا اور کہا کہ آپ اگر یہ فلم ریلیز کرتی ہو تو سرداروں نے آپ کو چپل مارنی ہے،تھپڑ تو آپ پہلے ہی کھا چکی ہیں۔

اس ویڈیو میں ایک اور شخص نے کہا کہ تاریخ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، اگر اس فلم میں سکھوں کو دہشت گردوں کے طور پر پیش کیا گیا تو پھر یاد رکھنا جس کا کردار اس فلم میں نبھا رہی ہو اس کا حقیقت میں کیاحال ہوا تھا۔ اس شخص نے کنگنا کو دھمکی دی کہ اگر ہم سر کٹوا سکتے ہیں تو سر کاٹ بھی سکتے ہیں۔کنگنا رناوت نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر دھمکی آمیز ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مہاراشٹرا اور پنجاب پولیس کو ٹیگ کیا اور کہا کہ براہ کرم اس پر نظر ڈالیں۔یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے بھارت کے عام انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر مندی سے لوک سبھا کی سیٹ پر کانگریس کے امیدوار کو 74،755 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close