قتل کے الزام میں گرفتار اداکار کو وی آئی پی پروٹوکول دینا جیل افسران کو مہنگا پڑ گیا

نئی دہلی (پی این آئی) قتل کیس میں گرفتار ’باکس آفس کے سلطان‘ کے نام سے مشہور کناڈا فلموں کے اداکار درشن تھوگودیپا کو جیل میں وی آئی پی پروٹوکول ملنے کی خبر سامنے آنے کے بعد بنگلور جیل کے افسران کو معطل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار درشن تھوگودیپا کو قید کے دوران خصوصی ٹریٹمنٹ دیے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد بنگلور جیل کے 7 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔درشن تھوگودیپا بینگلور کی پرپنا اگراہارا سینٹرل جیل میں قید ہیں، ان کی ایک تصویر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں جیل کے اندر وی آئی پی انداز میں بیٹھے ہوئے دیکھا گیا تھا۔اس حوالے سے کرناٹک کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ “پولیس نے وہاں جا کر تحقیقات کیں۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ اس میں 7 افسران ملوث ہیں جنہیں معطل کر دیا گیا ہے، اب ہم اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ یہ ایک سنگین سکیورٹی خامی ہے۔”رپورٹ کے مطابق اداکار درشن کو کنڑ اداکار کے مداح رینو کسوامی کے قتل کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا،33 سالہ آٹو ڈرائیور رینو کسوامی 9 جون کو بنگلور میں ایک فلائی اوور کے قریب مردہ پایا گیا تھا، وہ درشن کا مداح تھا۔ اسے مبینہ طور پر درشن کی ہدایت پر ایک گینگ نے اغوا کرکے قتل کر دیا تھا کیونکہ انہوں نے اداکارہ پویترا گوڈا کو سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر نازیبا پیغامات بھیجے تھے۔اس کے بعد پولیس نے اداکار کو میسور میں ان کے فارم ہاوس سے گرفتار کرلیا تھا، ساتھ ہی 15 دیگر افراد کو بھی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close