پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار انتقال کر گئے

نیویارک (پی این آئی) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار ارشد مرزا امریکی ریاست نیو جرسی میں انتقال کر گئے.

انکی عمر 73 برس تھی. مرحوم محمد ارشد مرزا کی نمازِ جنازہ دی مسلم سنٹر آف مڈلسیکس پیسکاٹا وے، نیو جرسی میں ادا کی گئی. بعدازاں انہیں ہملٹن ،نیو جرسی کے گرین ووڈ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا. مرحوم نے اپنے پسماندگان میں بیوہ صفیہ، 2 بیٹوں رضوان مرزا، فرحان مرزا اور 4 پوتے پوتیوں ضیم، ازق، عیشال اور سمارہ کو سوگوار چھوڑا ہے. ارشد مرزا کے صاحبزادے فرحان مرزا کے مطابق سانس لینے میں دشواری انکے والد کی موت کا سبب بنی. انہوں نے مزید بتایا کہ 1953 میں لاہور میں پیدا ہونے والے ارشد مرزا 1984ء میں پاکستان سے امریکہ منتقل ہو گئے تھے.

1970 اور 80ء کی دہائی میں بطور ہدایتکار ارشد مرزا نے کئی ہٹ فلمیں بنائیں. جن میں “باغی تے فرنگی “(1975)،” رنگا ڈاکو” (1978)، “بکا راٹھ”، “جٹ سورما” (1979)، “وریام” (1981) اور “جٹ گجر تے نت “(1982) نمایاں ہیں. مرحوم کے دوست اور پاکستانی فلموں کے ہدایت کار مقبول احمد کے مطابق ارشد مرزا نے فلم انڈسٹری میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1967 ءمیں احمد بشیر کی نگرانی میں بننے والی فلم “نیلا پربت” میں بطور اسسٹنٹ کیا تھا. اسکے علاوہ انہوں نے فلم ایڈیٹر امان مرزا کی نگرانی میں کئی فلموں کو ایڈٹ بھی کیا.

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close