ایشوریا سے طلاق، ابھیشیک نے خاموشی توڑ دی

بالی ووڈ انڈسٹری کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے اہلیہ، سابقہ مس ورلڈ، ایشوریا رائے سے طلاق سے متعلق زیرِ گردش افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

عرصۂ دراز سے بالی ووڈ کا یہ جوڑا اس حوالے سے خبروں کی زینت بنا ہوا ہے، ان کے درمیان علیحدگی سے متعلق افواہیں زیرِ گردش ہیں جو کہ دن بہ دن مضبوط ہوتی جا رہی ہیں۔ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن میں علیحدگی سے متعلق افواہوں میں تیزی اِس وقت سامنے آئی تھی کہ جب اداکارہ اپنا سسرالی گھر چھوڑ کر بیٹی آرادھیا کے ہمراہ اپنی والدہ کے گھر شفٹ ہو گئی تھیں۔

دوسری جانب حال ہی میں بھارت میں ہونے والی پرتعیش، اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے دوران بھی جہاں بالی ووڈ ستاروں کو اپنی اپنی فیملیز کے ساتھ دیکھا گیا وہیں اس جوڑے نے علیحدہ علیحدہ انٹری دی تھی۔اب ابھیشیک بچن نے گزشتہ روز ایک انٹرویو دیا ہے جس نے بھارتی میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک بچن نے ’بالی ووڈ یو کے‘ کو انٹرویو کے دوران اپنی ہاتھ میں پہنی ہوئی انگوٹھی دکھائی ہے۔ابھیشیک بچن نے اپنے ہاتھ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ’میں ابھی تک شادی شدہ ہوں، میری شادی قائم ہے۔‘

انہوں نے انٹرویو کے دوران میڈیا پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو گپ شپ اور تہلکہ مچانے کے لیے مواد چاہیے ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ میری شادی کو میڈیا نے موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔فلم ’گرو‘ کے اداکار ابھیشیک کا مزید کہنا ہے کہ میں میڈیا والوں کے لیے کچھ نہیں کہنا چاہتا، آپ یہ سب جو کر رہے ہیں یہ ٹھیک نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ آپ کو اسٹوریز فائل کرنی ہوتی ہیں، یہ آپ کا کام ہے، صحیح ہے، بطور مشہور شخصیات ہمیں یہ برداشت کرنا پڑے گا۔یاد رہے کہ بالی ووڈ کے دو خوبصورت فنکاروں، ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی شادی 2007ء میں ہوئی تھی۔اس جوڑی کی ایک بیٹی آرادھیا بھی ہے جو اپنی والدہ کے ہمراہ اپنی نانی کے گھر رہتی ہیں۔بالی ووڈ میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھیشیک اور ایشوریا رائے میں دوریوں کی وجہ اداکار کی بہن شویتا بچن نندا ہے۔بگ بی امیتابھ بچن اور جیا بچن نے حال ہی میں اپنا بنگلا ’جلسہ‘ بیٹی شویتا کے نام کیا ہے جہاں یہ خاندان اپنے بیٹے ابھیشیک کے ساتھ رہائش پزیر ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا رائے میں علیحدگی اور لڑائیوں کی جڑ یہ بنگلا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close