معروف بھارتی اداکارہ نے اپنے شوہر کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی

مبئی(پی این آئی) بھارت کی معروف ٹی وی اداکارہ دلجیت کور نے اپنے شوہر کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق دلجیت کور بھارتی رئیلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیزن 13میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال کینیا میں مقیم بھارتی کاروباری شخص نکھیل پٹیل کے ساتھ شادی کی تھی اور مستقل طور پر کینیا منتقل ہونے کا اعلان کیا تھا۔تاہم شادی کے چند ماہ بعد ہی دونوں کے تعلقات کشیدہ ہو گئے اور وہ الگ رہنے لگے۔

رپورٹ کے مطابق دلجیت کور کی طرف سے نکھیل پٹیل پر غیرعورت کے ساتھ ناجائز مراسم کا الزام عائد کیا گیا۔ شوہر سے ناراضگی کے بعد اداکارہ نے انسٹاگرام اکائونٹ سے اس کے ساتھ شیئر کی گئی تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دیں اور اپنے نام کے ساتھ لکھا گیا ’پٹیل‘ بھی ہٹا دیا۔ یہ دلجیت کور کی دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی شادی 2009ء میں ساتھی اداکار شالین بھنوٹ کے ساتھ ہوئی تھی ، جس سے ان کا ایک بیٹا ’جارڈن‘ ہے۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں دلجیت کور نے شوہر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے متعلق بتایا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’میں کینیا سے بھارت پہنچ کر خود کو محفوظ تصور کر رہی ہوں اور یہاں آ کر مجھے بولنے کی ہمت ہوئی ہے۔ میں پولیس آفیسرز کی شکرگزار ہوں جنہوں نے میری ہمت بندھائی۔ اب مجھے یقین ہو گیا ہے کہ اگر آپ حق پر ہیں تو بھارتی پولیس آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔ ‘‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close