ممبئی(پی این آئی)بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین، اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو سنگھ کی مسلسل لڑائیوں نے اِنہیں شدید صدمہ پہنچایا، وہ ہمیشہ خوفزدہ رہتے تھے۔اداکار نے انکشاف کیا ہے کہ جب میں بڑا ہو رہا تھا، اس دوران میری بڑی بہن ردھیما کپور ساہنی بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے گئی ہوئی تھیں، بڑی بہن کی غیر موجودگی اور گھر کی ہنگامہ خیز صورتحال نے مجھ میں وقت سے قبل ہی احساس ذمہ داری پیدا کر دی تھی۔اداکار رنبیر کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے مرحوم والد رشی کپور کے ساتھ اپنے تعلقات پر کھل کر بات کی ہے
۔بھارتی انٹرنیٹ شخصیت نکھل کامتھ کے ساتھ بات چیت کے دوران رنبیر کا کہنا تھا کہ میری اپنے والد کے ساتھ دوری کا سبب بچپن کی تلخ یادیں بنی تھیں۔رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ گھر میں ہر آسائش اور دولت ہونے کے باوجود میری پرورش بڑی اصول پسندی کے ساتھ کی گئی ہے، مجھے معلوم ہے کہ میرے والد تلخ مزاج لیکن اچھے آدمی تھے،میرے والد ایسے شخص تھےجو اپنے خاندان، کام، کھانا اور شراب سے پیار کرتے تھے۔اداکار رنبیر کپور نے ماضی میں جھانکتے ہوئے گھر کے ہنگامہ خیز حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے والد کی آنکھوں کا کبھی رنگ نہیں دیکھا تھا، میں ہر وقت ڈرا سہما رہتا تھا۔اداکار کا گھریلو ناچاقیوں سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میرے گھر میں مسلسل تناؤ رہتا تھا، اس تناؤ نے میرے لڑکپن اور جوانی کو بہت متاثر کیا ہے، مجھے گھر کی ہنگامہ خیز صورتحال نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے،
کبھی کبھار گھر کے منفی حالات کا میں خود کو ذمہ دار قرار دیتا تھا۔ فلم ’اینیمل‘ کے اداکار کا انٹرویو کے دران مزید کہنا تھا کہ ’میرے والد نے کبھی مجھ پر ہاتھ نہیں اٹھایا اور نہ ہی کبھی مجھ پر وہ چلائے، میرا اُن سے ڈرنے کی اہم وجہ بس یہ رہی کہ وہ مجھے ڈراتے ضرور تھے، اُن کی میری والدہ سے لڑائی میرے لیے ڈر اور صدمے کا سبب بنتی تھی۔‘یاد رہے کہ رنبیر کپور اکثر اوقات ہی اپنے والد کے ساتھ مشکل تعلقات پر گفتگو کرتے رہتے ہیں۔دوسری جانب دونوں فنکار، باپ اور بیٹا آپسی تعلقات میں اتار چڑھاؤ کو تسلیم کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی سینئر اداکار رشی کپور اپریل 2020ء میں کینسر کے سبب انتقال کر گئے تھے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں