بڑی اداکارہ کا تین ماہ قبل نکاح کرنے کا انکشاف

کراچی(پی این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جویریہ عباسی نے منگنی کے بعد نکاح کا بھی اعلان کردیا ہے۔حال ہی میں اداکارہ نے اپنے دیرینہ دوست اداکار شہود علوی کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی اور اپنی نجی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔دوران پروگرام انہوں نے انکشاف کیا کہ تین ماہ قبل ان کا نکاح ہوگیا ہے اور ساتھ ہی شادی کی وجہ بھی بتا دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تین ماہ قبل مختصر تقریب کے دوران، قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کرلیا ہے اور اب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ان کے اوپر بہت سی ذمہ داریاں تھیں اس لیے پہلے شادی کے بارے میں نہیں سوچا لیکن اب بیٹی کی شادی کے بعد زندگی اکیلے گزارنا مشکل تھا ایسے میں جب موجودہ شوہر نے شادی کی پیشکش کی تو دوستوں اور قریبی رشتے داروں کے صلاح مشورے سے شادی کے لیے ہامی بھر لی۔جویریہ عباسی نے اپنی ذمہ دارویوں کے حوالے سے مزید یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل ان کی والدہ شدید علیل تھیں اور والد بھی بہت بیمار تھے۔

اس کے علاوہ بیٹی کی ذمہ داری تو تھی لیکن ساتھ میں چھوٹی بہن انوشے عباسی سمیت ایک بہن اور بھائی کی ذمہ داری بھی ان پر ہے۔انہوں نے دوران گفتگو اپنی چھوٹی بہن انوشے عباسی کی طلاق کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ ابھی ان کے لیے رشتہ ڈھونڈنا ہے، ان کی شادی بھی کروانی ہے۔شوہر سے ملاقات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک تقریب کے دوران ملاقات ہوئی تھی، اور اس ملاقات کے بعد موجودہ شوہر نے شادی کی پیشکش کی اور پھر معاملات آگے بڑھے۔واضح رہے کہ جویریہ عباسی کی پہلی شادی سال 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی، ان کی ایک بیٹی عنزیلہ عباسی ہے، جس کی شادی انہوں نے گزشتہ برس کی ہے۔اداکارہ جویریہ عباسی اور شمعون عباسی کی شادی کے 12 برس بعد 2009 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔جویریہ عباسی نے رواں سال 5 مئی کو اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، انہوں نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایفل ٹاور سے انگوٹھی پہننے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی کی شروعات کا عندیہ دیا تھا اور اب انہوں نے شادی کی تصدیق کردی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close