عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی پانچویں شادی

کراچی(پی این آئی)عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی پانچویں شادی…سرائیکی زبان کے مشہور سینئر گلوکار عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنی پانچ شادیوں سے متعلق پہلی بار انکشاف کیا ہے۔عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی عرف لالا نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیا ہے۔اس دوران اُنہوں نے بتایا کہ میں نے گلوکاری سے قبل ٹیکسی بھی چلائی ہے، میرے والد گلوکاری کے خلاف تھے، اس لیے پیٹ پالنے کے لیے میں نے مختلف کام کر رکھے ہیں، گلوکاری میں آنے کے باوجود والد نے کبھی میرا گانا نہیں سنا تھا اور نہ وہ خوش تھے، والدہ بتاتی تھیں کہ میری غیر موجودگی میں والد میرے گانا سنا کرتے تھے۔

عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی نے متعدد دلچسپ سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے کئی بار محبت ہو چکی ہے، جہاں شادی ہوتی ہے وہیں محبت بھی ہو جاتی ہے۔لیجنڈری گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ بنیادی طور پر پینڈو ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اُن کے گھر کی بناوٹ میں بھی اس چیز کی جھلک آتی ہے۔اُن کا بتانا تھا کہ میرا ایک بیٹا سانول امریکا، بیٹی اسپین اور چھوٹا بیٹا لندن میں ہے، سب سے چھوٹی بیٹی ابھی لاہور میں پڑھ رہی ہے اور میٹرک کے بعد وہ بھی بیرونِ ملک چلی جائے گی۔گلوکار کا بانیٔ پی ٹی آئی سے متعلق کہنا تھا کہ میرے عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، ایک ہی خاندان اور ایک ہی علاقہ ہے،

میں نے شوکت خانم کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ پوری دنیا گھومی ہےاپنی پانچ شادیوں کے موضوع پر بات کرتے ہوئے عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کا بتانا تھا کہ جب میں نے چوتھی شادی کی تو پہلی تین بیویاں چھوڑ کر جا چکی تھیں، چوتھی بیوی کی موجودگی میں، میں نے پانچویں شادی کی تھی۔معروف گلوکار نے بتایا کہ پہلی چار بیگمات کا کہنا تھا کہ وہ میرے ساتھ وقت نہیں گزار سکتیں، اُن کا میرے ساتھ گزارا نہیں ہو سکا اس لیے پہلی چار نے مجھے چھوڑ دیا تو میں کیا کرتا، مجبوراً پانچویں شادی مجھے کرنی پڑی تھی۔۔۔۔

close