دوسری بار طلاق ہو گئی تو ۔۔۔ شہرت یافتہ خاتون ڈر گئی

کراچی(پی این آئی)دوسری بار طلاق ہو گئی تو ۔۔۔ شہرت یافتہ خاتون ڈر گئی….پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان مایا خان نے اپنے پہلے نکاح اور دوسری شادی کی ناکامی سے متعلق بات کی ہے۔مایا خان نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ اُن کا پہلا نکاح 2011 میں ہوا تھا، وہ اپنے پہلے شوہر کے ساتھ کبھی رہی ہی نہیں کیوں کہ اُن کے شوہر بیرونِ ملک مقیم تھے اور وہ پاکستان میں تھیں۔اداکارہ کے مطابق اسی دوران اُن کے بھائی میں کینسر کی تشخیص سامنے آئی تھی، وہ ایک ادارے کے لیے کام کر رہی تھیں، وہاں سے اُنہیں نکال دیا گیا تھا، ایک ماہ بعد اُن کے بھائی انتقال کر گئے تھے، وہ ایک بہت مشکل دور تھا۔

مایا خان کا کہنا ہے کہ بھائی کی وفات کے بعد وہ خود بیماریوں میں گِھر گئی تھیں اور اسی دوران اُنہیں پہلی طلاق بھی ہو گئی تھی۔مایا خان نے کہا کہ ہمارا معاشرہ طلاق یافتہ لڑکی کے ساتھ ہمدردی تو بہت دکھاتا ہے مگر اُسے تکلیف دینے میں بھی آگے آگے ہوتا ہے۔انہوں نے اپنی دوسری شادی اور طلاق سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ نے پھر مجھے ہمت دی اور میرے حالات بہتر ہوئے، اس دوران میں اپنے دوسرے شوہر سے ملی، شادی ہوئی، شادی کے بعد معلوم ہوا کہ یہ غلطی ہو چکی ہے کیوں کہ اُس شادی کی بنیاد ہی جھوٹ تھا۔مایا خان نے بتایا کہ دوسری شادی اُن کی بہت تکلیف دہ رہی، وہ سب کچھ برداشت کرتی رہیں اور ڈرتی رہیں کہ کہیں دوسری بار طلاق نہ ہو جائے ورنہ لوگ کیا کہیں گے، اُن کے ماتھے پر دھبہ لگ جائے گا کہ وہ طلاق یافتہ ہیں۔مایا خان کے مطابق انہوں نے بڑی مشکلوں سے دوسری شادی ختم کرنے کا ارادہ کیا، اُنہیں جسمانی تشدد کانشانہ بنایا گیا تھا، پھر انہوں نے فیصلہ لیا اور دوسرے شوہر کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی۔مایا خان نے خواتین کو مشورہ دیا کہ کبھی اپنی جسمانی اور ذہنی صحت پر سمجھوتہ نہ کریں، اپنے آپ سے پیار کریں، خود کو توجہ اور اہمیت دیں، اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف اُٹھ کھڑیں ہوں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close