پاکستانی معروف اداکار و فلمساز کا ائیر کنڈیشنز میں رہنے والوں کے نام اہم پیغام

کراچی(پی این آئی)پاکستانی معروف اداکار و فلمساز کا ائیر کنڈیشنز میں رہنے والوں کے نام اہم پیغام۔۔۔پاکستانی معروف اداکار و فلمساز سرمد کھوسٹ نے شدید گرمی کے دوران ائیر کنڈیشنز میں رہنے والوں کے نام اہم پیغام شیئر کیا ہے۔اداکار نے صاحبِ استطاعت افراد سے گزارش کی ہے کہ اس چیختی چنگھاڑتی گرمی کے دوران اپنے آس پاس کے افراد کا خیال رکھیں جو اے سی کی سہولت سے محروم ہیں۔اداکار کا اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نئی تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ میں ائیرکنڈیشنر میں بیٹھا ہوں کیونکہ شکر ہے میں آج گھر پر ہوں لیکن باہر دوزخ جیسی گرمی ہے۔

اداکار کا اپنے طویل نوٹ میں لکھا ہے براہِ کرم میری کالی بنیان کو نظر انداز کریں اور آئیے اس گرمی کو ان لوگوں کے لیے قابل برداشت بنائیں جنہیں اس شدید گرمی میں گھر سے باہر جانا پڑتا ہے۔سرمد کھوسٹ کا کہنا ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے گھریلو ملازمین گرمی میں جل نہیں رہے ہیں، انہیں دوپہر کی چھٹی دیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے رہنے والے کوارٹر بھٹی کی طرح گرم نہ ہوں، جتنی بار ہو سکے ٹھنڈے پانی کی چند بوتلیں خریدیں اور دکانداروں، ٹریفک وارڈنز اور ان تمام لوگوں کو دیں جن کے پاس گھر جیسی آسائش نہیں ہے۔سرمد گھوسٹ نے مزید لکھا ہے کہ بے زبان پرندوں کو نہ بھولیں، جو کچھ بھی آپ کر سکتے ہیں کم یا زیادہ لازمی کریں، اپنے گیٹ کے باہر، اپنی بالکونی، پورچ یا چھت پر مٹی کے برتنوں میں پانی رکھیں۔

اپنی پوسٹ کے آخر میں سرمد علی سلطان المعروف سرمد کھوسٹ کا لکھنا ہے کہ اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ ہائیڈریٹ کریں، پانی پئیں، اس تپتی گرمی کے دوران پودینے کے پتے اور لیموں آپ کے بہترین دوست ہونے چاہئیں۔واضح رہے کہ اس وقت پورا ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا گرمی سے متعلق کہنا ہے کہ آئندہ 25 دنوں کے دوران ملک بھر میں 3 بار ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close