بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو بالآخر انصاف مل گیا

ویب ڈیسک(پی این آئی) بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کا قاتل امریکا میں قتل کر دیا گیا،گولڈی برار پر گھر کے باہر حملہ ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے معروف پنجاب گلوکار سدھو موسے والا کے قاتل کو بھی قتل کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سدھو موسے والا کے قاتل اور بدنام زمانہ گینگسٹر گولڈی برار پر امریکی ریاست کیلی فورنیا میں گھر کے باہر حملہ ہوا۔نامعلوم حملہ آوروں نے گولڈی برار پر بے تحاشہ گولیاں برسائیں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح 5 بج کر 25 منٹ پر کیلی فورنیا کے علاقے فیئرمونٹ اور ہولٹ ایونیو پر پیش آیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ یاد رہے کہ گولڈی برار نے 29 مئی 2022 کو بھارتی ریاست پنجاب میں ہونے والے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سدھو موسے والا قتل کیس کی چارج شیٹ میں بھی گولڈی برار کو اس واقعے کا ماسٹرمائنڈ قرار دیا گیا۔ بعد ازاں سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کو بھارتی حکومت کی جانب سے رواں سال جنوری میں دہشتگرد قرار دے دیا تھا۔ بھارت کی وزارت داخلہ نے مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ اور پنجاب پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب ستویندر سنگھ عرف گولڈی برار کو ملک میں موجود غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت دہشت گرد قرار دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close