کورین پاپ گلوکار کا اسلام قبول کرنے کے بعد مسجد تعمیر کرنے کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)کورین پاپ گلوکار کا اسلام قبول کرنے کے بعد مسجد تعمیر کرنے کا اعلان۔۔۔جنوبی کوریا کے معروف گلوکار و یوٹیوبر داؤد کم جنہوں نے پانچ سال قبل اسلام قبول کیا تھا، انہون نے ہی اب کوریا کے شہر انچیون میں ایک مسجد بنانے کا اعلان کیا ہے۔داؤد کم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مسجد کی تعمیر کے لیے خریدی ہوئی زمین کے کاغذات اور زمین کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’آخر کار آپ لوگوں کی مدد سے میں نے انچیون میں مسجد کی تعمیر کے لیے زمین خرید لی ہے‘۔

کورین گلوکار نے لکھا کہ مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ یہ دن آ گیا ہے اور اس جگہ پر جلد مسجد بن جائے گی۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ میں یہاں کورین عوام کے لیے نماز پڑھنے کی جگہ اور ایک اسلامی پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔داؤد کم نے لکھا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ واقعی ایک بہت بڑا قدم ہے، اس لیے راستے میں بہت سی مشکلات ہوں گی لیکن مجھے یقین ہے کہ میں یہ کر سکتا ہوں۔اُنہوں نے لکھا کہ میں اس دن تک اپنی پوری کوشش کروں گا جب تک کہ کوریا کی ہر گلی میں خوبصورت اذان گونجنے نہ لگے۔کورین گلوکار نے آخر میں اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر بتاتے ہوئے لکھا کہ مجھے مسجد کی تعمیر کو مکمل کرنے کے لیے مالی مدد کی ضرورت ہے اس لیے اگر آپ مدد کرنا چاہتے ہیں تو براہ کرم میرے بینک اکاؤنٹ میں اپنے عطیات بھیج دیں، شکریہ‘۔واضح رہے کہ داؤد کم کو باضابطہ طور پر کم کیون وو کے نام سے جبکہ پیشہ ورانہ طور پر جے کم کے نام سے جانا جاتا ہے اور اُنہوں نے ستمبر 2019ء میں اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close