حملہ آوروں کا خاکہ جاری

ممبئی(پی این آئی)حملہ آوروں کا خاکہ جاری۔۔۔بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے حملہ آواروں کا پہلا خاکہ جاری کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھارتی شہر ممبئی میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر 2 مسلح افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے تھے۔تاہم اب سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو افراد کیپ اور بیگ پہنے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک نے جینز پر سفید ٹی شرٹ اور کالی جیکٹ پہن رکھی ہے جبکہ دوسرا شخص سرخ ٹی شرٹ اور پینٹ پہنے تھا۔

پولیس کے مطابق ان دو مسلح افراد میں سے ایک وشال راہول نامی گینگسٹر ہے جو ہریانہ میں متعدد قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب ہے، جس کا تعلق ہریانہ کے شہر گروگرام سے ہے۔وشال راہول کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے اور یہ گینگسٹر روہت گودارا کا خاص شوٹر ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے اس واقعے کے بعد لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے بذریعہ سوشل میڈیا اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے ’ٹریلر‘ قرار دیا تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سلمان خان کی رہائش گاہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے، جو ممکنہ طور پر ان مسلح افراد کے زیر استعمال تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مشتبہ افراد کی تلاش کو تیز کر دیا ہے اور ان کی تلاش میں ہریانہ پولیس کی بھی مدد طلب کرلی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close