ممبئی (پی این آئی) انڈین ماڈل گرل تانیہ سنگھ کی خودکشی کے معاملے پر پولیس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کے کھلاڑی ابھیشیک شرما کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 28 برس کی ماڈل تانیہ سنگھ کی خودکشی کے معاملے میں یہ بڑی پیش رفت ہے۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ ماڈل کی خودکشی کے واقعے میں سن رائزر حیدرآباد کے کرکٹر ابھیشیک شرما کا مبینہ طور پر تعلق ہو سکتا ہے۔ تانیہ سنگھ کی پراسرار خودکشی کے واقعے کے دو دن بعد تک پولیس یہ گتھی سُلجھانے میں ناکام ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس وی آر ملہوترا نے بدھ کو اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ تانیہ سنگھ اور سن رائزرز حیدرآباد کے آل راؤنڈر ابھیشیک شرما کے درمیان دوستی تھی۔ پولیس کے مطابق ماڈل کی جانب سے ابھیشیک شرما کو واٹس ایپ میسج بھیجا گیا جس کا کرکٹر نے جواب نہیں دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس وی آر ملہوترا نے کہا کہ ’ہمیں ابھی تک یہ معلومات ملی ہیں کہ ابھیشیک شرما کی ماڈل سے دوستی تھی۔
اس بارے میں مزید تحقیقات کی جائیں گی۔‘ پولیس نے ابھی تک کرکٹر سے رابطہ نہیں کیا، تاہم انہیں تحقیقات میں شامل کرنے کا نوٹس جلد بھیجا جائے گا۔ دوسری جانب انڈین ایکسپریس کے مطابق ابھیشیک شرما نے ماڈل کا نمبر بلاک کیا ہوا تھا اور وہ اُن کی طرف سے سوشل میڈیا پر بھیجے جانے والے پیغامات کے جوابات نہیں دے رہے تھے۔ یاد رہے کہ پیر کو تانیہ سنگھ کی لاش ریاست گجرات کے شہر سورت میں واقع اُن کی رہائش گاہ سے اُن کے والد نے برآمد کی تھی۔ 28 برس کی ماڈل گرل اپنے والدین کے ساتھ رہتی تھیں اور اُن کے سوشل میڈیا پر فالوورز کی اچھی خاصی تعداد تھی۔ پولیس نے اس معاملے پر مزید بتایا کہ تانیہ سنگھ نے اپنی خودکشی کے بارے میں کوئی پیغام پیچھے نہیں چھوڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں