جوہی چاولہ کو سالگرہ پر سب سے سستا تحفہ کس بالی ووڈ اسٹار نے دیا؟

ویب ڈیسک ( پی این آئی)بالی وڈ کی خوبرو سینئر اداکارہ جوہی چاولہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ عامر خان ان کی سالگرہ پر آئے اور انہیں سب سے سستا تحفہ دیا۔

حال ہی میں جوہی نے بھارتی ڈانس رئیلیٹی شو جھلک دکھلا جا سیزن 11 کی ایک قسط میں شرکت کی جس میں ان کے بالی وڈ کے شاندار اور کامیاب کیریئر کو سیلیبریٹ کیا گیا، اس قسط کا عنوان رکھا گیا ’جشن جوہی کا‘۔اس قسط میں جوہی چاولہ نے اپنے بالی وڈ کیرئیر سے متعلق کئی انکشافات کیے اور کچھ دلچسپ قصے سنائے۔ان قصوں میں انہوں نے ایک قصہ مسٹر پرفیکشنسٹ کا بھی سنایا جن کے ساتھ جوہی نے اچھی خاصی فلمیں کر رکھی ہیں اور ان کے کیرئیر کی پہلی کامیاب ترین فلم ‘قیامت سے قیامت تک’ عامر خان کے ساتھ ہی تھی۔

جوہی اور عامر نے فلم ’ہم ہیں راہی پیار کے سمیت’، ‘دولت کی جنگ، ’لَو لَو لَو عشق،‘ انداز اپنا اپنا‘ جیسی دیگر فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔شو کے دوران جج فرح خان نے جوہی سے پوچھا کہ انہیں کسی بھی مشہور شخصیات میں سے سب سے سستا تحفہ کس نے دیا تھا جس پر جوہی نے آڈئینس سے سوال کیا کہ ’کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں نام بتاؤں؟

جوہی نے جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ عامر خان تھے۔اداکارہ نے بتایا کہ ’یہ وہ وقت تھا جب ہم ابھی نئے نئے مشہور ہوئے تھے، میری سالگرہ کے روز شام کو عامر نے فون کیا اور کہا کہ وہ میرے گھر آئیں گے، وہ مجھے سالگرہ کی مبارکباد دینے میرے گھر آئے’۔بات جاری رکھتے ہوئے جوہی نے بتایا ‘میرے گھر کے سب ہی لوگ بہت پرجوش تھے، عامر خان نے بیٹھ کر میرے لیے ایک چھوٹی سی چاکلیٹ نکالی اور کہا کہ یہ میرا تحفہ ہے’۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close