عامر خان کے داماد اپنی شادی میں مختصر کپڑے پہن کر کیوں آگئے؟

ممبئی (پی این آئی )بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے اپنی فلموں میں مختلف انداز اپنائے، منفرد حلیے اور روپ اپنا کر انہوں نے اپنے مداحوں کو ہمیشہ چونکا دیا لیکن ان کے داماد بھی ان سے کم نہ نکلے اور اپنی شادی میں بنیان اور شارٹس پہن کر آگئے جس سے انہوں نے سب کو ہی چونکا دیا۔
اداکار عامر خان کی بیٹی ایرا خان کی اپنے منگیتر نوپور شیکھرے سے شادی ہوگئی۔ عامر خان کے داماد نے اپنے خاص دن کے لیے ایسا حلیہ اپنایا کہ سب دھنگ رہ گئے، انہوں نے نکاح کی تقریب کے دوران صرف ایک سیاہ بنیان اور سفید شارٹس پہنی جو کہ حیران کن چیز تھی۔

ایرا خان اور نوپور شیکھرے نے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کی موجودگی میں اپنی شادی رجسٹر کروائی۔ انسٹاگرام پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں ایرا اور نوپور کو شادی کی رجسٹریشن کی دستاویزات پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایرا نے اپنے خاص دن کے لیے سفید لباس کا انتخاب کیا، جبکہ نوپور روایتی لباس پہننے کے بجائے سیاہ بنیان اور سفید شارٹس میں نظر آئے۔ عامر خان اور رینا دتہ بھی تقریب میں موجود تھے اور جوڑے کے پیچھے کھڑے ہو کر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

اس دوران عامر خان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کو بھی اسٹیج پر دیکھا گیا، انہوں نے سنہری ریشمی ساڑھی پہن رکھی تھی، جسے انہوں نے سبز بلاؤز کے ساتھ جوڑا ہوا تھا۔ تقریب کے دوران وہ اس خاص لمحے کو اپنے موبائل میں قید کرتی دیکھائی دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close