اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے پاکستانی سنیما گھروں میں انڈین فلموں کو چلانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق فیصل قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان میں انڈین فلموں کی نمائش پر لگی پابندی کو ہٹانے کی ضرورت ہے۔ فیصل قریشی نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ’بطور پاکستانی میں بہت محب وطن ہوں لیکن اگر آپ کو پاکستانی سنیما چلانے ہیں تو اس کے لیے اہم بات یہ ہے کہ آپ انڈین فلموں کی نمائش کریں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں بہت خود غرض ہو رہا ہوں لیکن مجھے علم ہے کہ پاکستان میں لوگ انڈین فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ عوام پر اپنی مرضی نہیں چلا سکتے۔ ہمیں تعلقات بہتر کرنا ہوں گے۔‘ اداکار نے مزید کہا کہ ’ہماری فلمیں اور ڈرامے ان کے (یعنی انڈیا میں) آن لائن پورٹل پر دکھائے جا رہے ہیں اور لوگ سنیما جا کر انڈین فلم بھی دیکھتے تھے اور اس سے ہماری انڈسٹری کو قیمتی منافع ہوتا تھا۔ یہ بہت مضحکہ خیز ہے کہ ہم نے اپنے منافع کو بند کر دیا ہے۔
‘فیصل قریشی نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’عوام کو سنیما میں لے کر جانے کے لیے نیا اور مزیدار کانٹینٹ لانا ہوگا۔ اس کے لیے نہ صرف ہمیں اپنے کانٹینٹ اور بزنس ماڈل کو بہتر کرنا ہوگا بلکہ انڈین فلموں کی نمائش پر لگی پابندی کو بھی ہٹانا ہوگا۔‘ خیال رہے پاکستان میں 2019 کے بعد سے انڈین فلموں کی نمائش پر پابندی عائد ہے تاہم پاکستانی فلم بین نیٹ فلکس سمیت باقی آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے انڈین فلمیں دیکھ پا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں