منڈی بہائوالدین (پی این آئی) مخصوص نظریہ رکھنےو الے سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف گلوکار ملکو کو گرفتار کرلیاگیا ہے اور ان کی گرفتاری کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالے گانے ’قیدی نمبر 804‘ کی وجہ سے حراست میں لیاگیا لیکن اب اس دعوے کی حقیقت سامنےآگئی ۔تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے 7 تا 13 دسمبر تک لوک میلے کا اہتمام کیا تھا جس میں پنجابی لوک گلوکار محمد اشرف ملک المعروف ملکو نے بھی شرکت کی جس کے بعد سوشل میڈیا پر خبر گردش کر رہی تھی کہ انہیں پولیس نے مذکورہ گانا گانے کی وجہ سے گرفتار کر لیا ہے
۔ان کی گرفتاری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پھیلائی جا رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس ملکو کو بھیڑ میں سے نکالتے ہوئے سٹیج سے اتار کر باہر لے جا رہی ہے تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ دراصل انہیں گرفتار نہیں کیاگیا بلکہ سکیورٹی میں شو سے واپس لے جایا گیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں ملکو نے بتایا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں،سرگودھا لوک میلے میں قیدی نمبر 804 گانا بھی گایا لیکن بہت زیادہ بھیڑ کی وجہ سے افراتفری پھیل گئی، اس لیے ہم نے وہاں موجود پولیس کی خدمات حاصل کیں، پولیس پہلے سے لوک میلے کی سکیورٹی کے لیے وہاں موجود تھی۔ پولیس نے پروٹوکول میں مجھے سٹیج سے اتار کر گاڑی تک پہنچایا تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ پولیس ہمیں جلوس میں سے نکال رہی تھی تو وہیں پر کسی نے ویڈیو بنا کر شرارتاً سوشل میڈیا پر پراپیگنڈہ شروع کر دیا ، اگر مجھے گرفتار کیا جاتا تو حوالات میں میری تصویر آتی، جب کسی کو گرفتار کیا جاتا ہے تو ہتھکڑی لگ جاتی ہے اور ڈالےمیں بٹھا کر لے جایا جاتا ہے لیکن مجھے تو پولیس نے میری ہی گاڑی تک پہنچا کر اپنا فریضہ ادا کیا ہے۔‘
اس سلسلے میں منڈی کے علاقے میں بنائی گئی ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں ملکو کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’’ میں یہ ویڈیو اس لیے بنا رہاہوں کہ کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر لگایا ہے کہ ملکو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ، تو مجھے یار کس نے گرفتار کرنا ہے؟ میں آج گجربرادری کے پاس آیا ہوں‘۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں