تبو نے اپنے پاکستانی والد سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی

ممبئی(نیوزڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث شہرت پانے والی بالی ووڈ اداکارہ “تبو” نے پہلی بار اپنے پاکستانی والد کے بارے میں بات کی۔
مختلف بھارتی ویب سائٹس کے ذریعے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ “تبو” پاکستانی اداکار کی بیٹی ہیں لیکن اس حوالے سے اداکارہ نے کبھی کوئی وضاحت نہیں دی تھی، تاہم اب حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اُنہوں نے اس حوالے سے کُھل کر بات کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تبو نے اپنے پاکستانی والد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “میں جب تین سال کی تھی تو میرے والدین کے درمیان طلاق ہوگئی تھی اور میں نے کبھی اپنے والد کو نہیں دیکھا”۔
تبو نے کہا کہ “میری والدہ سے طلاق کے بعد والد نے دوسری شادی کرلی تھی، میں کبھی اپنے والد سے نہیں ملی لیکن میری بڑی بہن فرح ناز والد سے بہت بار ملی ہیں”۔
بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ “میرا پیدائشی نام تبسم فاطمہ ہاشمی تھا لیکن میں نے کبھی اپنے نام کے ساتھ ‘ہاشمی’ استعمال نہیں کیا جبکہ میری پرورش میرے نانا نانی اور والدہ نے کی”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میرے والد اپنے زمانے میں پاکستانی سینما کے جانے پہچانے نام تھے”۔
واضح رہے کہ تبو کے والد جمال ہاشمی ماضی میں ایک معروف پاکستانی اداکار تھے، جمال ہاشمی نے بھارتی شہر حیدرآباد کے مسلمان گھرانے میں رضوانہ نامی خاتون ٹیچر سے شادی کی تھی، شادی کے بعد وہ اپنے شوہر جمال ہاشمی کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوگئی تھیں۔
جمال ہاشمی کی ازدواجی زندگی مسائل کا شکار رہی، اُن کی شادی شدہ زندگی میں لڑائی جھگڑے اس قدر بڑھ گئے تھے کہ ان کی اور رضوانہ کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔
اس جوڑی کے ہاں دو بیٹیوں کی پیدائش ہوئی جن میں بالی ووڈ اداکارہ “تبو” اور اُن کی بہن فرح ناز شامل ہیں، “تبو” 4 نومبر 1971 کو پیدا ہوئیں۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ تبو نے بھارتی فلم نگری میں اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’پہلا پہلا پیار‘‘ سے کیا جس کے بعد انہوں نے اپنی جانداراداکاری کی بدولت فلم نگری میں مقام بنایا جبکہ اداکارہ نے اپنے فلمی کیرئیر میں مختلف کردار ادا کرکے شائقین کو محظوظ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close