کراچی(پی این آئی) اداکارہ ماہرہ خان کے متعلق سوشل میڈیا پر افواہ گرد ش میں ہے کہ وہ بہت جلد دوسری شادی کرنے جا رہی ہیں۔ اب اس افواہ پر ماہرہ خان کی منیجر کا موقف سامنے آگیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اور مختلف انٹرٹینمنٹ ویب سائٹس کی طرف سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ماہرہ خان اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے والی ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ماہرہ خان اپنی شادی کو مخفی رکھنا چاہتی ہیں چنانچہ ان کی شادی میں صرف قریبی دوست اور اہل خانہ ہی شرکت کریں گے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان کی منیجر نے اس افواہ کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ اداکارہ کی منیجر نے کہا ہے کہ اس طرح کی خبریں صحافتی اقدار کے خلاف ہیں۔ انٹرٹینمنٹ ویب سائٹس کو افواہ اڑانے سے پہلے اس کی تصدیق کر لینی چاہیے تھی۔ دوسری طرف خود اداکارہ کی طرف سے اس معاملے پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی شادی 2007ءمیں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام اذلان ہے۔ تاہم دونوں کی شادی 8سال چل سکی اور 2015ءمیں ان کی طلاق ہو گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں