اداکارہ ریشم نے اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی

لاہور(پی این آئی)پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی اداکارہ ریشم نے اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی,ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہوں ویسا شخص مجھے ابھی تک نہیں ملا اور میں نے تلاش بھی نہیں کیا۔ریشم نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے انٹرویو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں کافی دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاداری، عزت اور خلوص یہ وہ تین خصوصیات ہیں جوکہ ایک شریکِ حیات میں ہونی چاہئیں, میں شادی کے بارے میں سوچتی بھی ہوں اور میں شادی کرنا بھی چاہتی ہوں۔ریشم نے کہا کہ مخلص، وفادار اور عزت دینے والا شخص کبھی تلاش کرنے سے نہیں ملتا بلکہ جب اللّٰہ چاہے تب ہی ملتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ شادی کبھی بھی میری خواہش پر نہیں ہوگی بلکہ جب نصیب میں لکھا ہوگا تب ہی ہوگی اور ہوسکتا ہے کہ یہ تاخیر اس لیے بھی ہوکہ شاید اللّٰہ کو میرا دعائیں کرنا پسند ہو۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ میں کسی ایسے شخص سے شادی نہیں کرنا چاہتی کہ جس کے ساتھ رہنا مشکل ہو بلکہ کوئی ایسا شخص چاہتی ہوں جوکہ میرے ہم خیال ہو، جس کے بغیر میں زندہ نہ رہ سکتی ہوں اور ایسے لوگوں کا ملنا مشکل ہے۔ریشم نے اپنی زندگی سے حاصل ہونے والے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ زندگی سے بہت کچھ سیکھا ہے جس کے بعد اب میں نے خود کو بدل لیا ہے حالانکہ انسان کی فطرت نہیں بدل سکتی اور یہ قبر تک اس کا پیچھا کرتی ہے لیکن پھر بھی میں نے چند عادتیں بدلیں اور اب میں سکون میں ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں ایک مخلص انسان ہوں، مجھے اپنے دوستوں کو فون کرنے اور ان کی صحت کے بارے میں پوچھنے کی عادت تھی لیکن میرے دوست کبھی مجھے جواب دینے کی زحمت نہیں کرتے تھے بلکہ مجھے میرے دوستوں نے بری طرح استعمال کیا۔اُنہوں نے کہا کہ میں نے اپنی یہ عادت اس لیے بدلی کیونکہ لوگوں نے میری اس عادت کا مذاق اڑایا، اب میں صرف اس شخص کی فکر کرتی ہوں جسے میری فکر ہو۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اب میرا حلقہ احباب محدود ہے اور میں سکون میں ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close