کراچی(پی این آئی)پاکستانی معروف ڈرامہ سیریل “تیرے بن” کی شاندار کامیابی کے بعد اب اس ڈرامے کا سیزن 2 بنانے کا اعلان ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈرامے کے پروڈیوسر عبد اللّٰہ کادوانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ڈرامے کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔عبداللہ کادوانی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ “تیرے بن کا غیر معمولی سفر پاکستانی انٹرٹینمنٹ کی تاریخ میں بے مثال سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے اختتام کو پہنچا۔”
اُنہوں نے لکھا کہ “تیرے بن کو سب سے بڑا بلاک بسٹر بنانے پر ہم اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں، میں اور اسد قریشی دنیا بھر کے ناظرین کا ہمارے ڈرامے کو بے پناہ محبت دینے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔” اُنہوں نے اپنے پارٹنر اور دوست اسد قریشی اور اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ “”تیرے بن” کی شاندار کامیابی کی وجہ اسد قریشی کی قیادت ہے، جبکہ وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی شاندار پرفارمنس کو سلام جنہوں نے اس ڈرامے کے مرکزی کرداروں کو شاندار طریقے سے پیش کیا ہے اور ان کے غیر معمولی ٹیلنٹ اور جادوئی آن اسکرین کیمسٹری نے ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کی، مرتسم اور میرب کی کہانی کو اور بھی ناقابل فراموش بنا دیا۔ عبد اللّٰہ کادوانی نے ڈرامے کی شاندار کامیابی پر ہدایتکار سراج الحق، رائٹر نوران مخدوم اور پوری کاسٹ کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ” ناظرین کی جانب سے ملنے والی محبت اور حوصلہ افزائی کے جواب میں ہم یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں کہ ہم “تیرے بن” کا سیزن 2 بنائیں گے۔واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل”تیرے بن”ناصرف پاکستان بلکہ ہندوستان اور بنگلہ دیش سمیت دنیا کے متعدد ملکوں کی اسکرینوں پر راج کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں