ممبئی ( پی این آئی)بالی ووڈ سپر سٹار امیتابھ بچن جو اس سال اکتوبر میں81 برس کے ہوجائیں گے، ان کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے ان کی عمر بڑھ رہی ہے ان پر تنقید میں کمی آتی جارہی ہے۔ممبئی کی فلم نگری میں شہنشاہ سمجھے جانے والے امیتابھ بچن جو تقریباً 190 کے قریب فلموں میں کام کرچکے ہیں، انہوں نے اپنے ایک حالیہ بلاگ میں تحریر کیا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں اب لوگوں نے ان کا تمسخر اڑانا بھی بند کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ جہاں شہرت لوگوں کو راتوں رات بلندیوں پر پہنچاتی ہے وہیں تنقید بھی شروع ہوجاتی ہے، تاہم سینئر اداکار سمجھتے ہیں کہ ان کی عمر کے بڑھنے کے ساتھ حالیہ ماہ و سال میں لوگوں نے ان پر تنقید کرنا کم کر دی ہے۔ امیتابھ بچن نے مزید تحریر کیا کہ وہ کچھ وقت کام ترک کرکے گزرے لمحات کے عکس کو دیکھنے اور پھر سے تروتازہ اور توانا ہونے میں صرف کرتے ہیں، تروتازہ و توانا ہونے کا مطلب عمر سے نہیں بلکہ علم و آگہی سے ہے کہ دنیا اور ہمارے گرد و پیش کیا ہو رہا ہے۔انہوں نے پرابھاس کی فلم میں اداکاری کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ اس حوالے سے جمعہ کو اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ تیلگو سنیما کے پروجیکٹ ”K“ میں کام کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے پرابھاس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں