شاہ رخ خان کا وہ مشورہ جو نہ ماننے پر پچھتا رہی ہوں، کاجول کا انکشاف

ممبئی(پی این آئی) بالی ووڈ کی سٹار کاجول کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے ساتھی اداکار اور بہترین دوست شاہ رخ خان کے دیئے گئے ایک مشورے پر عمل نہ کرنے پر پچھتاوا ہے۔یہ بات کاجول نے بھارتی میڈیا کو دیئے ہوئے ایک انٹرویو کے دوران کہی۔ کاجول کے مطابق انہیں افسوس ہے کہ وہ شاہ رخ خان کے مشورے پر عمل نہیں کر سکیں۔کاجول نے بتایا کہ ایک مرتبہ شاہ رخ نے مجھے مشورہ دیا کہ شاید مجھے اداکاری کی ٹیکنیک سیکھ لینی چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ کی بات نہیں سمجھ سکیں اور سوال کیا کہ وہ کیا ہوتا ہے؟ ایسی بھی کوئی چیز ہے؟ شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ہاں! لوگوں کو یہ ٹیکنیک سکھائی جاتی ہے اور آپ کو یہ سیکھنا چاہیے کیونکہ انسان اندر سے سب کچھ نہیں کر سکتا‘۔کاجول کے مطابق انہوں نے ساتھی اداکار کے اس مشورے کو نظر انداز کر دیا تاہم کیرئیر میں ایک ایسا موڑ آیا جب وہ کام کیلئے خود پر بے حد دبائو ڈال رہی تھیں تب انہیں احساس ہوا کہ وہ لاعلمی میں کام کر رہی تھیں۔کاجول کا کہنا تھا کہ ’میں سب کچھ کر رہی تھی کہ یہ بھی کر دو اور یہ ڈائیلاگ بھی بول دو، سب کچھ میرے اندر سے نکلتا تھا‘۔کاجول کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی اس غلطی سے سبق سیکھا انہیں اب شاہ رخ کے مشورے کو نہ ماننے پر افسوس ہے اور وہ نئی نسل کے آرٹسٹس کو اداکاری کی ٹیکنیک سیکھنے کا مشورہ دیتی ہیں۔یاد رہے کہ کاجول اور شاہ رخ پہلی مرتبہ 1993 میں فلم بازی گر میں ایک ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہوئے تھے جس کے بعد سے ان کی جوڑی مشہور ہوئی انہیں شائقین کی جانب سے بےحد پسند کیا گیا یہ دونوں سٹارز کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close