بھارتی اداکار خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار، ڈاکٹروں نے ٹانگ کاٹ دی

میسور (پی این آئی ) بھارت کی کناڈا فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار سورج کمار خطرناک ٹریفک حادثے میں اپنی دائیں ٹانگ کھو بیٹھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 سالہ سورج کمار فلمی دنیا میں ڈیبیو کرنے ہی والے تھے کہ وہ میسور ہائی وے پر ہونے والے حادثے میں شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں نے سورج کمار کا معائنہ کیا جس کے بعد اداکار کی زندگی بچانے کے لیے ڈاکٹروں کو ان کی گھٹنے کے نیچے سے سیدھی ٹانگ کاٹنا پڑی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت سورج کمار موٹربائیک چلا رہے تھے کہ ایک ٹریکٹر کو اوورٹیک کرنے کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور وین میں جاگھسے۔بعد ازاں انہیں میسور کے منی پال اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں کے پاس ان کی ٹانگ کاٹنے کے علاوہ کوئی حل نہ تھا۔خیال رہے کہ سورج کمار معروف اداکار شیوا راج کمار کے قریبی رشتے دار تھے، سورج ‘رتھم‘ نامی فلم میں کام کر رہے تھے جب کہ پریا پرکاش کے ساتھ بھی ایک پراجیکٹ پر پیشرفت جاری تھی۔2019 میں سورج کمار کو مرکزی اداکار کے طور پر راجو کووی کی ایک فلم میں لانچ کیا جانا تھا لیکن بعدازاں کسی نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان کو متعارف نہیں کرایا گیا۔اس کے بعد وہ انوپ انتھونی کی فلم ‘بھگوان شری کرشنا پرماتھما’ سے اپنا ڈیبیو کرنے والے تھے، لیکن یہ فلم بھی متعدد وجوہات کی بنا پر نہیں بن سکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close