17 سال کی عمر سے کس خوفناک بیماری میں مبتلا ہیں؟ فواد خان نے پہلی مرتبہ بتا دیا

کراچی(پی این آئی) بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار فواد خان نے انکشاف کیا کہ وہ 17 سال کی عمر میں لاحق ہونے والی بیماری ذیابطیس کے مرض میں مبتلا ہو گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق اداکار فواد خان نے حال ہی میں یوٹیوب چینل “فری اسٹائل مڈل ایسٹ” کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے 17 سال کی عمر سے ٹائپ 1 ذیابطیس کے ساتھ اپنی زندگی بدلنے والی جنگ کے بارے میں بات کی۔

فواد خان نے بتایا ہے کہ” وہ 17 سال کے تھے جب اُنہیں بہت تیز بخار ہوا تھا، بخار کے سبب 7 دنوں میں اُن کا وزن 65 سے 55 کلو پر آ گیا تھا، اُن کا 10 کلو وزن کم ہو گیا تھا جس کے بعد اُنہیں صحت سے متعلق کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، مکمل چیک اپ کروانے پر معلوم ہوا کہ اُنہیں شوگر ہے، یہ شوگر کی ٹائپ 1 تھی, وہ آج 41 سال کے ہیں اور 24 برسوں سے شوگر میں مبتلا ہیں۔”انٹرویو کے دوران فواد خان کا بتانا تھا کہ ” وہ اپنے سکول کے دنوں میں بہت پھرتیلے تھے اور کھیلوں کے شوقین تھے اور کھیلوں میں حصہ لیا کرتے تھے، تاہم ذیابیطس ٹائپ ون کی تشخیص کے بعد ان کے سارے شوق ختم ہوگئے تھے۔”اداکار کا بتانا تھا کہ “وہ شوگر کے سبب بہت تھکے رہتے تھے، جب آپ کی شوگر لو ہوتی ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کہ کوئی آپ کی روح کھینچ رہا ہو، منہ خشک ہو جاتا ہے، آنکھیں اوپر چڑھنے لگتی ہیں اور مجھے خود پر کوئی کنٹرول نہیں رہتا کیوں کہ شوگر کے سبب آپ کے پٹھے بھی سکڑنے لگتے ہیں۔”انٹرویو کے دوران فواد خان کا کہنا تھا کہ دنیا نہیں بدلتی، آپ کو اپنے آپ کو اتنا مضبوط بنانا ہوگا کہ برے وقت کا مقابلہ کر سکیں، وہ ایک مشکل وقت تھا جس نے ان کے والد بھی جذباتی طور پر بہت متاثر ہوئے کیونکہ وہ پہلے ہی اپنے ایک بیٹے کو کھو چکے تھے۔فواد خان نے بتایا کہ سکول کے دور میں وہ ہر وقت اپنے ساتھ ایک بوتل رکھتے تھے جس میں انسولین کی شیشی، سرنج اور برف ہوتی تھی، جسے میں ہر وقت ساتھ رکھتا تھا، ذیابیطس کے ابتدائی دنوں میں مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوتی تھی۔یاد رہے کہ فواد خان نے اپنے اسکول کے دنوں میں اپنے بینڈ کے ساتھ گلوکاری کا آغاز کیا تھا جبکہ کالج کے دنوں میں وہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ چکے تھے۔پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی فواد خان کی اداکاری کو بےحد سراہا جاتا ہے جبکہ فواد دنیا کے خوبصورت ترین مردوں کی فہرست میں بھی اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں