شہناز گل نے سلمان خان کا موبائل نمبر بلاک کیوں کیا؟ خود ہی وجہ بتا دی

ممبئی(پی این آئی)بھارتی اداکارہ شہناز گِل نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے سلمان خان کی جانب سے پہلی کال موصول ہونے پر اُن کا نمبر بلاک کر دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سٹار سلمان خان کی نئی آنے والی فلم” کسی کا بھائی کسی کی جان” کی پروموشن کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی فلم کی پروموشن کے سلسلے میں فلم کی کاسٹ کپل شرما کے شو میں پہنچی ، جہاں شہناز گل نے یہ انکشاف کیا کہ” انہوں نے پہلے سلمان خان کے نمبر کو بلاک کردیا تھا”۔شہناز نے بتایا کہ “جس وقت سلمان خان نے انہیں کال کی ان کا فون نمبران کے پاس نہیں تھا۔ لہذا انہیں نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی,اس وقت وہ گرودوارہ میں موجود تھیں,انہوں نے اپنی عادت کے مطابق نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والی کال کو فوری طور پر بلاک کردیا۔ جس کے بعد ایک اور نمبر سے انہیں کال آئی کہ سلمان سر آپ کو کال کررہے ہیں ان کی نئی آنے والی فلم کے سلسلے میں” ۔ شہناز نے کہا کہ “انہوں نے پہلے ٹرو کالر پر اس نمبر کو ڈالا تو معلوم ہوا کہ واقعی وہ نمبر سلمان خان کا تھا تو انہوں نے اس نمبر کو ان بلاک کیا اور خود سے سلمان خان کو کال کی.”واضح رہے کہ سلمان خان کی نئی آنے والی فلم “کسی کا بھائی کسی کی جان “عید الفطر کے موقع پر دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close