نواز الدین صدیقی کے بھائی بھی ان کیخلاف میدان میں اتر آئے، تہلکہ خیز آڈیو شئیر کر دی

ممبئی(پی این آئی)گزشتہ کچھ عرصے سے نواز الدین صدیقی اپنی بیگم عالیہ صدیقی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے باعث خبروں میں رہے تھے، بیگم کے الزامات پر اپنا تردیدی بیان اور وضاحت جاری کرنے کے بعد اب وہ ایک نئے تنازعے میں پھنس گئے، بھائی نے سوشل میڈیا پر آڈیو شیئر کردی۔ نواز الدین صدیقی کے بھائی شمس صدیقی نے سوشل میڈیا پر ایک آڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اپنے بھائی پر ملازم پر تشدد کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔

شمس صدیقی نے آڈیو کلپ کو ہولی کا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز الدین کے منیجر کے مطابق اپنے اسٹاف پر تشدد کرنا نواز الدین کا روزمرہ معمول ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی معاملے کی ویڈیو بھی جاری کریں گے۔ شمس صدیقی کی جانب سے شیئر کی گئی آڈیو میں دو لوگوں کو آپس میں بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، منیجر نواز الدین صدیقی سے پوچھا جاتا ہے کہ کیا نواز نے اپنے ملازم پر پھر سے تشدد کیا ہے؟ جس پر منیجر تصدیق کرتے ہوئے جواب دیتا ہے کہ ہاں تشدد کیا گیا ہے اور یہ دوسری مرتبہ ہوا ہے۔ آڈیو کلپ میں منیجر دعویٰ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ نواز الدین صدیقی نے اپنے ملازم کو فلم کی شوٹنگ کے روز صبح کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ یاد رہے کہ نواز الدین صدیقی نے اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں میں اور عالیہ پچھلے کئی سال سے ایک ساتھ نہیں رہتے اور ہمارے درمیان طلاق ہوچکی ہے لیکن ہم بچوں کیلئے آپس میں جڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ اہلیہ کو بچوں کی اچھی پرورش کیلئے پچھلے 2 سال سے ہر ماہ 10 لاکھ بھارتی روپے دیتا تھا اور جب وہ بچوں کے ساتھ دبئی جاتی تھی تو میں اسے اسکول فیس، میڈیکل اور سفر کے اخراجات کے علاوہ ہر ماہ 5 سے 7 لاکھ بھارتی روپے بھیجتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عالیہ نے بچوں کو بھی اپنے ڈرامے میں کھینچ لیا ہے، وہ مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور لوگوں میں میرا امیج خراب کرنا چاہتی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نواز الدین صدیقی کی سابقہ اہلیہ عالیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ نواز نے بچوں سمیت گھر سے نکال دیا ہے، اس کے علاوہ عالیہ نے نواز اور ان کے خاندان پر کیس بھی کرائے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close