عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کا معاملہ، دانیہ شاہ پر فردِ جرم عائد

کراچی(پی این آئی) عدالت نے عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ دانیہ شاہ (دانیہ ملک) پر فرد جرم عائد کر دی ہے ۔کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی مکیش کمار کی عدالت کے روبرو عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے عامر لیاقت کی بیٹی دعائے عامر کی جانب سے والد کی ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں گرفتار دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی،

عدالت نے فرد جرم پڑھ کر سنائی اور ملزمہ سے استفسار کیا کہ آپ کا اور آپ کے والد کا نام کیا ہے؟ ملزمہ نے بتایا کہ میرا نام دانیہ شاہ اور والد کا نام مختیار ملک ہے۔ عدالت نے کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ 2022 سے پہلے اور بعد میں آپ نے عامر لیاقت حسین کی ویڈیو بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔ملزمہ دانیہ نے کہا کہ یہ میرے خلاف سازش ہے، یہ اس لئے کیا جارہا ہے کہ میں مرحوم کا پوسٹ مارٹم کرانا چاہتی تھی۔ عدالت نے کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے عامر لیاقت حسین کی ویڈیوز ان کی اجازت کے بغیر بنائیں۔ملزمہ نے کہا کہ یہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں، ایسا کچھ نہیں ہے۔ عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ کے صحت جرم سے انکار پر آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close