لندن(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ نے اپنی آنے والی فلم”واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ”سے متعلق بتایا کہ وہ پاکستان سے والہانہ محبت کرتی ہیں اور اس کے ٹیلنٹ کو آگے لے کر جانا چاہتی ہیں، اپنے بیٹوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ” انہیں میری فلم بہت پسند آئی”۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جمائمہ سمتھ کا کہنا تھا کہ” میں ایسی فلم بنانا چاہتی تھی جو پاکستان کی پذیرائی پر مبنی ہو، میں پاکستان کو رنگوں سے بھرے، ایک خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی۔
بیٹوں کی جانب سے فلم دیکھنے سے متعلق سوال پر جمائمہ نے بتایا کہ” بیٹوں کا ردعمل میرے لیے سب سے زیادہ اہم رہا کیونکہ انہیں اس طرح کی فلمیں پسند نہیں، وہ میرے سب سے بڑے نقاد ہیں اور ظاہر ہے وہ آدھے پاکستانی مسلمان بچے ہیں لہٰذا اس فلم کیلئے ان کی پسندیدگی میرے لیے بہت اہم ہے”۔انہوں نے کہا کہ ” بیٹوں نے فلم دیکھی تو آخری لمحات میں ان کی آنکھوں میں آنسو تھے اور مجھ سے کہا کہ ماں ہمیں آپ پر فخر ہے، جب انہوں مجھے ایسا کہا تو میرے لیے یہ ایک اہم لمحہ تھا”۔جمائمہ نے مزید بتایا کہ “مجھے لگتا ہے کہ دونوں بیٹے جانتے تھے کہ میں نے اس پر کتنی محنت کی ہے، اس وقت میں نے سوچا کہ اب اگر کوئی اس فلم کو پسند نہیں بھی کرتا تو یہ ایک ایسا لمحہ ہے جس پر مجھے ہمیشہ فخر رہے گا”۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھاکہ “میں نے پاکستان میں جو سب سے بڑا سبق سیکھا تھا وہ نیت کا تصور تھا اور میں سمجھتی ہوں کہ زندگی کی ہر بات چاہے آپ غلطی کریں یا نہیں، ہمیں ایسی دنیا میں رہنا چاہیے جہاں انسانوں کو اس کی نیت کے تناظر میں پرکھا جائے۔جمائمہ کا کہنا تھاکہ” فلم “واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وید ایٹ” اگلے ماہ پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی نمائش کیلئے پیش کی جائے گی اور مجھے امید ہے لوگ فلم انجوائے کریں گے”۔واضح رہے کہ یہ فلم ایک کراس کلچرل رومانٹک کامیڈی ہے جس میں جمائمہ نے پاکستان کے ایک مختلف اور بہتر پہلو کو پیش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ “واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وید ایٹ” کی رائٹر اور پروڈیوسر جمائمہ خان کی اس فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل علی اور بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں