کراچی(آئی این پی) کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے میں ایف آئی اے کو شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی آخری مہلت دے دی۔جمعرات کو کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
وکیل صفائی لیاقت گبول ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ دانیہ شاہ کیخلاف مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے جبکہ شوکاز نوٹس پر بھی ابھی تک ایف آئی اے نے جواب نہیں دیا اور دانیہ شاہ کو بنا کسی اطلاع کے حراست میں لیا گیا ہے۔دانیہ شاہ کی والدہ نے عدالت کو بتایا کہ میری بیٹی کو ایف آئی اے نے اغوا کیا ہے، ایف آئی اے اہلکاروں نے میرے گھر میں توڑ پھوڑ کی اور مجھے بھی زخمی کیا جبکہ 800 کلو میٹر دور میری بیٹی کو بغیر ڈوپٹے کے لایا گیا ہے۔عدالت نے ایف آئی اے کو شوکاز کا جواب دینے کی آخری مہلت دیتے ہوئے 5 جنوری کو چالان جمع کرانے کی ہدایت کردی۔دوسری جانب ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت معزز جج کی رخصت کے باعث لنک عدالت نے ملتوی کردی۔کراچی سٹی کورٹ میں سیشن جج شرقی کی عدالت کے روبرو ملزمہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، سیشن جج کی رخصت کے باعث سماعت لنک عدالت میں ہوئی۔عدالت نے درخواست ضمانت کی مزید سماعت 5 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہے کہ دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں