بے باک بھارتی اداکارہ کا اچانک شوبز چھوڑنے کا فیصلہ، وجہ سامنے آ گئی

ممبئی(پی این آئی) بھارتی اداکار ساجد خان پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کرنے والی اداکارہ مندنا کریمی نے بگ باس سیزن 16کا حصہ بننے پر احتجاجاً شوبز انڈسٹری سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کر دیا۔ “انڈیا ٹائمز” کے مطابق 51سالہ ساجد خان بالی ووڈ کی معروف کوریو گرافر فرح خان کے بھائی ہیں۔ ان پر 2018ءمیں می ٹو مہم کے دوران متعدد ماڈلز اور اداکاراؤں نے جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا تھا۔

ان ماڈلز اور اداکاراؤں میں سلونی چوپڑا، ریچل وائٹ، مندنا کریمی، جیا خان، آہنہ کمارا، سمرن سوری، شرلین چوپڑا، ڈمپل پاؤل اور دیگر شامل تھیں۔ الزام عائد کرنے والی خواتین میں ایک خاتون صحافی کرشمہ اپادھیائے بھی شامل تھی۔ ساجد خان کے خلاف پے درپے متعد د خواتین کے سامنے آنے پر انہیں انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن نے 1 سال کے لیے معطل کر دیا تھا۔ساجد خان کو فلم ’ہاؤس فل 4‘ کی ٹیم سے بھی نکال دیا گیا تھا اور اس کی ہدایت کاری کی ذمہ داری فرہاد سمجی نے سنبھال لی تھی۔ اب ساجد خان کے بگ باس سیزن 16کا حصہ بننے پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین بھی سراپا احتجاج ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ساجد خان کو شومیں شامل کرنے کا مطلب انہیں ان کے جرائم سے کلین چٹ دینا ہے۔ مندنا کریمی کا کہنا ہے کہ لوگ شتر مرغ کی طرح ہو چکے ہیں اور ہر معاملے میں سر ریت میں دبا کر انجان بن جاتے ہیں۔ اس کے خلاف متعدد خواتین سامنے آئیں مگر کیا ہوا؟ ایسا لگتا ہے کہ کسی کو اس معاملے کی پروا ہی نہیں ہے۔ چنانچہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اب مزید اس انڈسٹری کا حصہ نہیں رہ سکتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close