بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سدھو موسے والا کو قتل کرانے کا اعتراف کر لیا

جالندھر (پی این آئی) بھارتی پنجاب کے بدنام گینگسٹر لارنس بشنوئی نے معروف پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ تھا اور گزشتہ برس اگست سے اس کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اس حوالے سے پنجاب پولیس کے افسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ہم نے حال ہی میں لارنس بشنوئی کو اس کیس میں گرفتار کیا تھا اور اس کے ریمانڈ میں 27 جون تک توسیع کر دی گئی تھی۔

پولیس افسر کے مطابق قتل کا منصوبہ گزشتہ برس اگست سے بنایا جا رہا تھا، ہماری معلومات کے مطابق رواں سال جنوری میں بھی شوٹرز کا ایک مختلف گروپ موسے والا کو قتل کرنے آیا تھا لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فتح آباد پیٹرول پمپ سے حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے، ہم نے ملزم پریاورت عرف فوجی کی شناخت کی ہے، ہم نے اب تک 13 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور پوری سازش کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کو ضلع مانسا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close