سدھو موسے والا کا قاتل گرفتار، تہلکہ خیز انکشافات

اسلام آباد (پی این آئی )بھارت کے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پونے پولیس نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میں نامزد شوٹر 23 سالہ سنتوش جادھو کو گرفتار کیا ہے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پولیس ترجمان کے مطابق سنتوش جادھو نے شناخت پوشیدہ رکھنے کے لیے اپنا سر منڈھوا لیا تھا لیکن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

مقامی پولیس کے مطابق شوٹر سنتوش جادھو لورنس بشنوئی گینگ کا ایک کارندہ ہے جسے اس سے قبل 2021 میں بھی ایک قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پونے پولیس کی جانب سے تاحال مزید معلومات شیئر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب بھارتی گلوکار، ریپر، گیت نگار، اسٹیج اداکار اور پنجابی موسیقی اور سنیما سے وابستہ فنکار سدھو موسے والا کے والد نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کیموت کے بعد ٹوٹ پھوٹ اور دل شکستگی کا شکار ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو ان کے دو ساتھیوں کے ساتھ قتل کردیا گیا تھا۔گزشتہ روز ان کے والد بلکور سنگھ گفتگو کے دوران اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور کہا کہ وہ تباہ ہوگئے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ ان کے بیٹے کا کیا قصور تھا؟میرا بیٹا میرے گلے لگ کر رویا کرتا اور پوچھتا کہ ہر چیز کا الزام اس پر کیوں لگتا ہے؟میں اس سے پوچھتا کہ کیا اس نے کوئی غلط کام کیا؟

اس کی وجہ یہ ہے کہ بعض اوقات والدین کو اپنے بچوں کے بارے میں علم نہیں ہوتاتاہم مجھے اپنے بیٹے کا پتہ تھا، کبھی کوئی اس کے خلاف شکایت لے کر نہیں آیا لہٰذا میں اسے کہتا تھا کہ اسے کسی بات سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں