یہ جگہ مارگلہ ہلز نہیں بلکہ کونسی ہے؟ ٹک ٹاکر ڈولی نے قانونی کارروائی کے خوف سے نیا ڈرامہ رچا لیا، ایک اور ویڈیو جاری

اسلام آباد (پی این آئی) ٹک ٹاکر ڈولی نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ لگانے کے الزام پر وضاحت کر دی۔ سمی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں ٹک ٹاکر ڈولی نے ایک ویڈیو پوسٹ کی اور دعویٰ کیا کہ یہ مقام نیشنل پارک نہیں ہے بلکہ موٹروے کے قریب کا ایک علاقہ ہے، ہم جب یہاں آئے تو پہلے سے ہی آگ لگی ہوئی تھی۔ ٹاکر نے اپنی ویڈیو میں ایک مقامی شخص سے بھی بات کی جس نے بتایا کہ سانپوں کو مارنے کیلئے آگ لگائی، جس پر ٹک ٹاکر ڈولی نے اپنے ساتھی کو کہا کہ یہاں سانپ نکل آتے ہیں اس لیے یہاں سے فوری نکلو۔

 

 

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Dolly. 👸🏼 (@dollyofficial1)

انہوں نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں مزید کہا کہ انہیں انصاف کی توقع ہے۔دوسری جانب جنگ اخبار کی رپورٹر کے مطابق ٹک ٹاکر ڈولی کو گرفتار کرنے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور روانہ ہو گئی۔اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ خاتون ٹک ٹاکر کے 3 ساتھیوں کو اسلام آباد سے حراست میں لے لیا گیا جن ایڈیٹر اور کیمرہ مین شامل ہیں۔ڈولی نامی ٹک ٹاکر کے خلاف تھانہ کوہسار میں سی ڈی اے کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔مقدمہ تھانہ کوہسار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعبہ ماحولیات سی ڈی اے کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔

 

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ڈولی نامی ٹک ٹاکر کی ویڈیو گردش کررہی ہے ، جس میں خاتون جنگل میں آگ لگا کر ویڈیو شوٹ کروارہی ہے ، مبینہ طور پر مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا علاقہ ہے جہاں آتشزدگی کے متعدد واقعات ہوئے اور آگ سے چرند پرند پودوں اور درختوں وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ۔گزشتہ روز انکشاف ہوا تھا کہ مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے میں ٹک ٹاکرز کا ہاتھ ہے ، اس حوالے سے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی جس میں ٹک ٹاکرز کو لائیٹر سے آگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ایک اور ویڈیو میں معروف خاتون ٹک ٹاکر بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتی نظر آ رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل کا مظاہرہ کیا گیا اور متعلقہ حکام سے مذکورہ ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ، صارفین نے ٹک ٹاکرز کو سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

 

اس سے قبل ایبٹ آباد میں محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف ایبٹ آباد ریجن نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو آگ لگانے والے نوجوان کو گرفتار کیا تھا ، اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایبٹ آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو ہی آگ لگا دی ، نوجوان قیمتی درخت کو آگ لگا کر ویڈیو بناتا رہا۔اور جب مذکورہ ویڈیو منظر عام پر آئی تو محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف حرکت میں آیا اور کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد انتظامیہ نے نوجوان کو گرفتار کر لیا ، محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نوجوان کی اس حرکت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close