مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ لگا کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون، خاتون ٹک ٹاکر مشکلات میں گھر گئی

اسلام آباد (پی این آئی) مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ لگا کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے جنون کے باعث خاتون ٹک ٹاکر مشکلات میں گھر گئی ہے۔ اسلام آباد میں ٹک ٹاکرز کی جانب سے جنگل میں مبینہ آگ لگانے کے معاملے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ نمبر 402 درج کرلیا گیا، پولیس حکام کے مطابق مقدمہ خاتون ٹک ٹاکر اور ساتھیوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں لینڈاسکیپ ایکٹ، فارسٹ ایکٹ، وائلڈ لائف ایکٹ اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے ایف آئی آر لینڈ اسکیپ ایکٹ 1966، فارسٹ ایکٹ 1927 کے تحت درج کی گئی جبکہ انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ 1997 کی دفعہ بھی شامل ہے اور ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 425، 188 بھی شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق آگ لگنے کی جگہ نیشنل پارک کا علاقہ ہے، پہلے بھی آگ لگنے سے پودوں، گھاس اور چرند پرند کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ روز مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے والے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

ویڈیو میں ٹک ٹاک بنانے کے شوقین نوجوان لائیٹر سے آگ لگاتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ دوسری ویڈیو میں خاتون بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتے نظر آرہی ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close