اللہ سے ڈرو، پہلی بیوی سے نہیں۔۔ڈاکٹر عامر لیاقت نے دوسری شادی کے خواہشمندوں کے نام پیغام جاری کر دیا

کراچی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ ان کی شادی کے ذریعے دو محروم قومیں مہاجر اور سرائیکی ایک ہوئے ہیں، جو لوگ بھی دوسری شادی کے خواہش مند ہیں وہ اپنی پہلی بیوی سے نہیں بلکہ اللہ سے ڈریں، پاکستان کے عائلی قوانین ایوب خان نے اپنی بیٹی کیلئے بنائے تھے، ان قوانین کا اسلام اور پاکستان کے کلچر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا کہ انہوں نے شادی کی ہے کبھی حرام رشتے نہیں رکھے، انہوں نے ہمیشہ حلال رشتوں پر یقین رکھا ہے، اللہ نے ایک سے زائد شادیوں کا حکم دیا ہے، ہم بھارت سے ہجرت کرکے ضرور آئے ہیں لیکن بھارتی کلچر کو اپنے اوپر سوار نہ کریں ، بھارت میں ایک شادی پر اکتفا کیا جاتا ہے لیکن اسلام زیادہ شادیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، لوگ پہلی بیوی سے ڈر کر دوسری شادی نہیں کرتے، جو بھی دوسری شادی کا خواہش مند ہے وہ اللہ سے ڈرے اور بیوی سے نہ ڈرے۔انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک چوتھی شادی کی گنجائش بھی موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ اگر وہ اسمبلی میں دوسری شادی کے حوالے سے بل لائے تو بہت سے لوگ اپنے بل میں چھپ جائیں گے، فیملی لاز میں ترامیم کی ضرورت ہے، عائلی قوانین کا پاکستان کے کلچر سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ تو ایوب خان نے اپنی بیٹی کیلئے اس وقت بنائے تھے جب ان کے داماد نے دوسری شادی کی تھی۔

عامر لیاقت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مردوں کو دوسری، تیسری اور چوتھی شادی کی اجازت دی جائے، اللہ نے انسان کو کمزور بنایا ہے، شادی ہوجائے تب بھی وہ دوسری طرف دیکھتا ہے اسی لیے ایک سے زائد شادیوں کا حکم دیا گیا ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اب جنوبی پنجاب کے داماد ہوگئے ہیں تو کیا جنوبی پنجاب صوبے کیلئے بھی کام کریں گے، اس سوال پر عامر لیاقت نے کہا کہ اس شادی سے دو محروم قومیں ایک ہوئی ہیں، یعنی سرائیکی اور مہاجر، دونوں ہی کے صوبے کے بارے میں سوچیں گے، قائد اعظم نے بھی اپنے 14 نکات میں کہا تھا کہ کراچی کو ممبئی سے علیحدہ کیا جائے، کراچی کبھی سندھ کا حصہ تھا ہی نہیں۔خیال رہے کہ عامر لیاقت نے گزشتہ روز لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ دنیہ شاہ نامی لڑکی سے تیسری شادی کی ہے۔ گزشتہ روز ہی ان کی دوسری بیوی سیدہ طوبیٰ انور نے خلع کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں