کراچی(پی این آئی)قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر شعیب اختر نے لتا منگیشکر کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کر دیا۔اپنے یوٹیوب چینل پر شعیب اخترکا کہنا تھا کہ 2016 میں جب میں بھارت میں تھا تو مجھے ان سے فون پر بات کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔شعیب اختر نے بتایا کہ میں نے پوچھا کہ لتا جی آپ کیسی ہیں؟ جس پر انہوں نےکہا کہ بیٹا آپ مجھے ’ماں‘ کہہ کرپکارو گے تو مجھے اچھا لگےگا، پھر میں نے ان سے ماں جی کہہ کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ لتا جی نے میری باولنگ کی تعریف کی اور بتایا کہ وہ کرکٹ کی بہت شوقین تھیں اور انہوں نے میرے اور ٹنڈولکرکےکافی میچ دیکھے ہیں،پھر انہوں نے میری اردو کی بھی تعریف کی جس پر میں نے کہا کہ ماں جی آپ کی اردو بھی بہت اچھی ہے۔شعیب اختر نے بتایا کہ میں نے ان سےکہا کہ ماں جی میری بڑی خواہش ہےکہ آپ سے ملاقات ہو، میں ممبئی میں ہوں جس پر انہوں نے کہا، بیٹا آپ جب چاہو مجھ سے آکر ملاقات کرلو، مجھے خوشی ہوگی۔ شعیب اخترکا کہنا تھا کہ جب میں نے انہیں کہا کہ میں پاکستان جا رہا ہوں تو وہ اُداس ہوگئیں اور کہنے لگیں، نصرت صاحب چلے گئے، مہدی حسن بھی چلے گئے، میری دوست، بہن اور استاد میڈم نور جہاں بھی چلی گئیں، ان سب کے ساتھ میرا گہرا تعلق تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں