ممبئی(پی این آئی)بھارت کی معروف ترین گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ روز 92 سال کی عمر میں چل بسیں اور ان کے انتقال سے گلوکاری کا ایک سنہرا دور تمام ہوا۔آخری رسومات میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، بالی وڈ اداکار عامر خان، شاہ رخ خان اور کرکٹر سچن ٹنڈولکر سمیت کئی سیاسی و فلمی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر عامر خان، شاہ رخ خان، رنبیر کپور سمیت کئی گلوکاروں اور اداکاروں نے خراج عقیدت پیش کیا۔
بلبل ہند کو مہاراشٹرا کی جانب سے ریاستی سطح پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد ان کے بھتیجے نے آخری رسومات ادا کیں۔معروف فلمی ستارے لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں موجود تھے تاہم ان میں سے اکثر عصر ِحاضر کے اداکار تھے جبکہ امیتابھ بچن اور دھرمیندر اس موقع پر نظر نہیں آئے۔امیتابھ بچن نے لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کیوں نہیں کی اس کی وجہ سامنے آگئی ہے۔لتا کی آخری رسومات ممبئی کے شیو جی پارک میں اد کی گئیں۔ تاہم بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ’بچن صاحب نے ممبئی میں لتا جی کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی، وہ اپنی بیٹی شویتا نندا بچن کے ساتھ تھے، اہل خانہ سے تعزیت کے بعد بچن صاحب واپس چلے گئے تھے اور انہوں نے آخری رسومات میں شرکت نہیں کی۔
‘ ذرائع نے مزید بتایا کہ امیتابھ بچن نے کووڈ پروٹوکولز کی وجہ سے آخری رسومات میں شرکت نہیں کی کیوں کہ لتا جی کی آخری رسومات کھلے گراؤنڈ میں ادا کی جارہی تھیں اس لیے امیتابھ کو ڈر تھا کہ ان کے جانے سے مجمع اکھٹا ہوسکتا ہے جس سے ان کی اور لوگوں کی صحت کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں لہٰذا انہوں نے وہاں نہ جانے کا فیصلہ کیا۔اپنے دور کے معروف اداکار دھرمیندر بھی لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں نظر نہیں آئے۔اس حوالے سے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دھرمیندر نے بتایا کہ وہ تین بار جانے کیلئے تیار ہوئے لیکن ان کی ہمت نہیں ہوئی۔دھرمیندر کا کہنا ہے ’مجھ میں لتا جی کو ہم سب کو چھوڑ کر جاتا ہوا دیکھنے کی ہمت نہیں تھی اس لیے وہ آخری رسومات میں نہیں گیا۔‘دھرمیندر نے مزید بتایا کہ لتا منگیشکر کی موت کی خبر سن کر وہ کافی مضطرب تھے، وہ تین بار جانے کیلئے تیار ہوئے لیکن نہ جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ’لتا جی مجھے اکثر تحائف بھیجا کرتی تھیں، حوصلہ افزائی پر مبنی میسجز فارورڈ کرتی تھیں اور باہمت رہنے کا کہتی تھیں، ایک بار میں نے ٹوئٹر پر اپنی صحت سے متعلق لکھ دیا تھا تو فوراً ان کا فون آگیا، میری خیریت پوچھنے لگیں اور آدھے گھنٹے تک مجھ سے بات کرتی رہیں۔‘دھرمیندر نے بتایا کہ ان کی موت سے پہلے تک بھی دونوں اکثر چیٹ پر باتیں کیا کرتے تھے۔خیال رہے کہ لتا منگیشکر کورونا کی وجہ سے 8 جنوری سے اسپتال میں تھیں اور 6 فروری کو وہ چل بسیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں