ایف بی آر نے گلوکارہ آئمہ بیگ کو 8 کروڑ سے زائد انکم ٹیکس کا نادھندہ قرار دے دیا، گاڑی ضبط کرنے کے وارنٹ جاری

لاہور (پی این آئی) نوجوان نسل کی پسندیدہ گلوکارہ آئمہ بیگ کو ایف بی آر نے 8 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس کی نادہندہ قرار دے دیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق ٹیکس نا دہندہ ہونے کی وجہ سے ایف بی آر نے آئمہ بیگ کی گاڑی ضبط کرنے کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔ ایف بی آر کی طرف سے جاری کیے جانے والے وارنٹ کی تحریر میں کہا گیا ہے کہ مس آئمہ نورالعین بیگ نے سال 2018،2019 ،2020 اور 2021 کا ٹیکس ادا نہیں کیا جس سے وہ ادارے کی ڈیفالٹ لسٹ میں آ گئی ہیں۔

آئمہ بیگ کے ذمہ 85004885 روپے ٹیکس کی مد میں واجب الادا ہیں۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ نادہندہ ہونے کی وجہ سے قانون ان کی جائیداد ضبط کر کے ٹیکس کی ادائیگی کا اختیار ایف بی آر کو حاصل ہو چکا ہے۔ لہذا ان کی گاڑی جو کہ انہوں نے 2021 کے گوشواروں میں ظاہر کی ہے اس کو فوری طور پر قبضے میں لینے کے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔
ایف بی آر نے گاڑی ضبط کرنے کے لئے باقاعدہ ایک افسر بھی متعین کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ آئمہ بیگ نے پی ایس ایل سیون کا ٹائٹل سانگ ریکارڈ کروا دیا ہے جو آئندہ ہفتے ریلیز ہو گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں