پاکستانی مختصر فلم “دی پینٹرسٹ” نے بدھا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا ایوارڈ جیت لیا

پونا، بھارت (پی این آئی) پاکستانی فلم دی پینٹرسٹ نے پانچویں سالانہ بدھا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سے”بہترین تجرباتی مختصر فلم” کا ایوارڈ جیت لیا۔ فلمی میلہ کا انعقاد بھارتی شہر پونے میں ہوا۔ یہ فیسٹیول گوتم بدھ کے آفاقی اصولوں کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے جن کی تعلیمات میں حکمت، مہربانی، صبر، سخاوت اور ہمدردی شامل ہیں۔

فلم میں اداکار عدنان بشیر خان، کائنات منیراورعلیزہ جاوید شامل ہیں۔ دی پینٹرسٹ کی کہانی ایک مفلوک الحال فنکار کی زبانی ہے جس کی پینٹنگز کو آرٹ گیلری کی ایک کیوریٹر مختلف نا موں سے فروخت کرتی ہے۔ یہ مختصر فلم ایک فنکار سے کریڈٹ چوری کی تلخ حقیقت سے متعلق ا یک بےدردانہ انکشاف ہے۔ فلم کی کہانی زاہد رائے نے لکھی ہے۔ دی پینٹرسٹ کو خالد حسن خان نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

پینٹرسٹ ایک مختصر تجرباتی فلم ہے جو آج کی دنیا میں ایک بد نما حقیقت کو منظر عام پر لائی ہے جہاں کسی مصنف، فنکار یا تخلیق کار کو اس کی دانشورانہ ملکیت اور معاوضے یا دونوں سے محروم کرنے والے ادبی اور فنی رہزن موجود ہیں ۔ افسانوی اور خود سوانحی کہانی کا امتزاج ” دی پینٹرسٹ ” ایک فنکار، شاہد کے بارے میں ہے، جو نامعلوم مصور ہونے کے ناطے، اپنے فن پاروں کو مٹھی بھر رقم کے عوض ایک خاتون، تانیا کو فروخت کر تا رہا ہے۔ لیکن ایک دن اس پہ انکشاف ہوتا ہے کہ وہ اب تک اپنی روح بیچ رہا تھا! فن و مصورانہ قزاقی اس فلم کا خیالیہ ہے۔ “دی پینٹرسٹ” ان تخلیق کاروں کے فنکارانہ جذبے کو تسلیم کرتا ہے اوران کی تخیلی حوصلے کی تعریف کرتا ہے جو ایسے مفاد پرست فنی ہائی جیکرز کا شکار ہوتے آرہے ہیں اور ابتک گمنامی کی زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں، لیکن ان کا فنکارانہ جذبہ قابل تعریف ہے۔ خالد حسن خان نے کہا کہ “بدھا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا ایوارڈ پاکستانی قوم کے لیے ایک اعزاز ہے۔ ہمارا ملک ہزاروں سال پرانے بدھ فن اور ثقافت کا گہوارہ ہے۔ پشاور، سوات اور ٹیکسلا میں گندھارا تہذیب کے قدیم آثار ہماری شاندار ثقافتی میراث کا حصہ ہیں”۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں