والدہ کو سنبل کی وفات کا نہیں بتایا گیا، آج بھی امی سے سنبل بن کر بات کرتی ہوں، بشریٰ انصاری کےانکشاف نے جذباتی کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بہن اداکارہ سنبل شاہد کے انتقال سے متعلق اب تک والدہ کو آگاہ نہ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔حال ہی میں اداکارہ بشریٰ انصاری نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انھوں نےسنبل شاہد کے انتقال اور زندگی میں ان کی کمی سے پیدا ہونے والے خلا کے بارے میں بات چیت کی۔اداکارہ نے بتایا کہ والدہ کی طبیعت کافی ناساز رہتی ہے اور ان کی بینائی 70 فیصد تک ختم ہوگئی ہے۔

بشریٰ انصاری کے مطابق انہوں نے اپنی والدہ کو سنبل کے انتقال کی اطلاع کئی ماہ گزرجانے کے باوجود آج تک نہیں دی اور انہیں بتایا ہے کہ سنبل امریکا گئی تھی جس کے بعد کورونا کی وجہ سے فلائٹس آنا بند ہوگئی ہیں۔بشریٰ انصاری کاکہنا تھا کہ ایسا اس لیے کیا گیا کیوں کہ والدہ شدید بیمار ہیں وہ سنبل کی موت کی خبر برداشت نہیں کرپائیں گی تاہم اس کے باوجود جب والدہ شدید ضد کریں کہ انھیں سنبل سے بات کرنی ہیں تو میں آج بھی سنبل بن کر والدہ سے بات کرتی ہوں تاکہ انھیں سنبل کی کمی محسوس نہ ہو۔دوران پروگرام بشریٰ انصاری نے مزید بتایا کہ انتقال سے ایک سال پہلے سنبل کے 40 سالہ بیٹے کا انتقال ہوا تھا، سنبل کو کوئی بیماری نہیں تھی مگر بیٹے کے انتقال کی وجہ سے وہ اتنی دلبرداشتہ تھیں کہ کورونا کا مقابلہ نہیں کر سکیں۔خیال رہے کہ اداکارہ سنبل شاہد رواں برس عالمی وبا کورونا کا شکار ہو کر انتقال کرگئی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close