ممبئی (پی این آئی) بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے آریان خان کی آرتھر روڈ جیل سے رہائی کے بعد گھر واپسی پر ان کی حفاظت کے لیے باڈی گارڈ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ شاہ رخ خان جیل سے آریان کی رہائی کے بعد ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے کافی پریشان ہیں اور آریان خان کی حفاظت کے لیے ایک الگ سیکیورٹی گارڈ کا انتظام کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں جو ہر وقت حفاظت کے لیے ان کے بیٹے کے ہمراہ رہے۔
اس کے علاوہ کچھ رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ شاہ رخ خان اور گوری خان نے آریان کو دو سے تین ماہ کے لیے گھر میں نظر بند کر دیا ہے اور آریان کو کسی بھی قسم کی پارٹی میں جانے سے روک دیا ہے۔واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گزشتہ روز ممبئی کی آرتھر روز جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا، منّت پہنچنے پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ میں آریان خان کا استقبال کیا۔رواں ماہ 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں