منشیات کیس میں گرفتار آریان خان تقریباً ایک ماہ بعد جیل سے رہا

ممبئی (این این آئی) منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو تقریباً ایک ماہ بعد حراست میں رہنے کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔دو روز قبل ممبئی ہائیکورٹ نے آریان خان کی ضمانت منظور کی تھی تاہم ضمانت کے طریقہ کار میں تاخیر کی وجہ سے آریان کو مزید ایک دن جیل میں رہنا پڑا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت سے جاری رہائی کے احکامات کی کاپی مقررہ وقت پر جیل پہنچائی جانی تھی تاہم ایسا نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی عمل میں نہ آسکی تھی۔تاہم تمام

قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ رہائی کے وقت آریان نے سفید رنگ کی شرٹ اور نیلے رنگ کا کوٹ پہن رکھا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کو جیل سے شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ روی گاڑی میں لیکر روانہ ہوئے، آریان خان جیل سے سیدھے اپنی رہائش گاہ ‘منت’ پہنچے۔آریان خان کی رہائی کے موقع پر آرتھر روڈ جیل کے ہاہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔شاہ رخ کے بیٹے کی ایک جھلک کو دیکھنے کے لیے اداکار کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد بھی سڑکوں پر موجود تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close