اعتراف ِ جرم، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں 20سال قید کی سزا کا امکان

ممبئی(پی این آئی) منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی 4 دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ان مقدمات میں انہیں 20 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو 2 اکتوبر کی رات منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر موجود ایک بحری جہاز پر منعقد ہونے والی ریو پارٹی پر اچانک چھاپہ مار کر غیر قانونی منشیات بر آمد کی تھی۔اس بحری جہاز پر شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی موجود تھا۔ آریان کو تحقیقات کے دوران اس کے خلاف جمع ہونے والے شواہد کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتاری کے پہلے 15 گھنٹے تک این سی بی نے آریان خان سے پوچھ تاچھ کی جس کے دوران آریان نے منشیات خریدنے کی بات کو تسلیم کیا۔آریان خان کو این سی بی نے نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) ایکٹ 1985 کے سیکشن 8سی، 20 بی، 27 اور 35 کے تحت گرفتار کیا ہے۔ این ڈی پی ایس کا سیکشن 8 سی منشیات خریدنے اور فروخت کرنے کا کیس ہے اور اگر آریان پر یہ الزام ثابت ہوگیا تو انہیں 6 ماہ سے لے کر 10 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔سیکشن 20 بی گانجا، چرس اورڈرگز رکھنے کا کیس ہے اور اس کیس میں 20 سال تک کی سزا ہوتی ہے لہذا اگر ا?ریان خان پر یہ الزام ثابت ہوگیا تو انہیں 20 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔سیکشن 27 یہ دفعہ ڈرگز رکھنے کی صورت میں ملزم پر عائد کی جاتی ہے اور سیکشن 35 میں ملزم کو خود کی بے گناہی ثابت کرنی ہوتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتاری کے بعد آریان خان کا جے جے ہسپتال میں باقاعدہ میڈیکل ٹیسٹ کروایا گیا جس کے بعد انہیں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے دفتر لایا گیا۔ بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے آریان کو 7 اکتوبر تک این سی بی کی تحویل میں بھیج دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں