ملک کی اہم شاہراہ اور انڈر پاس عمر شریف سے منسوب کرنے کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی )صوبائی حکومت نے ملک کی اہم شاہراہ اور انڈر پاس عمر شریف سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہید ملت روڈ پر قائم ہونے والے انڈر پاس اور حیدر علی روڈ کو عمرشریف سے منسوب کرنے کا اعلا ن کردیا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر مرتضی وہاب نے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ حکومت سندھ نے شہید ملت روڈ پر قائم ہونے والے انڈر پاس اور حیدر علی روڈ کو عمر شریف کے نام سے منسوب کردیاہے۔دوسری جانب معروف اداکار عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے

سب سے اپنے والد کی مغفرت کی دعا کے لئے کہا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ کے انتظامات ہو رہے ہیں جیسے ہی فائنل ہو گا، نماز جنازہ کا اعلان کر دیا جائے گا، انہوں کہا کہ والد کی خواہش تھی کہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہو، ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں تدفین کی درخواست کی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے سعید غنی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام آیا جس میں انہوں نے کہا کہ مرحوم عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کرنے کے انتظامات سندھ حکومت کر رہی ہے۔دوسری جانب لیجنڈ اداکار عمر شریف کی اہلیہ زریں عمر نے کہا ہے کہ پاکستان ، بھارت سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پرستاروں کی دعائوں کی وجہ سے عمر شریف علاج کیلئے جرمنی تک پہنچے تھے ،اب وہ جس سفر پر روانہ ہو رہے ہیں انہیں اس میں آسانی کیلئے اپنے پرستاروں کی دعائوں کی اسی طرح ضرورت ہے ، شکر گزار ہوں کہ سندھ حکومت نے عمر شریف کی عبد اللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطے میں تدفین کی آخری خواہش کو بھی پورا کیا ہے۔ جرمنی سے جاری ویڈیو بیان میں زریں عمرنے کہاکہ میں وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مرتضیٰ وہاب ، وسیم بادامی،ڈاکٹر طارق شہاب ،جرمنی کے سفیر ،قونصلر جنرل اورجس جس نے بھی اس کڑے وقت میں ہماری مدد کی ان کی انتہائی مشکور ہوں ۔انہوں نے کہا کہ عمر شریف بزرگان دین سے انتہائی لگائو رکھتے تھے اور ان کی خواہش تھی کہ دنیا سے جانے کے بعدانہیں صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن کیا جائے، اس حوالے سے سندھ حکومت سے درخواست کی گئی جسے منظور کر لیا گیا ہے ،میری مفتی تقی عثمانی سے بات ہوئی ہے وہ عمرشریف کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ زریں عمر نے روتے ہوئے کہاکہ میری جب سے عمر شریف کے ساتھ شادی ہوئی ہے میں ہرجگہ ان کے ساتھ جاتی تھی ،وہ اس سفر میں بھی مجھے اپنے ساتھ لے جاتے ،مجھے اکیلے چھوڑ کر کیوں سفر پر روانہ ہو گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں