کابل (پی این آئی ) افغانستان میں نئی حکومت کے آنے کے بعد ملک کی سب سے مشہور خاتون پاپ سٹار کابل سے امریکی پرواز سے بیرون ملک چلی گئیں ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان گلوکارہ آریانا سعید جو کہ ’دی وائس‘ کے افغان ورژن کی جج بھی تھیں ، بدھ کے روز امریکی کارگو جیٹ کے ذریعے ملک سے چلی گئیں کیوں کہ طالبان کی جانب سے سخت شرعی قانون نافذ کرنے کے عزم کے بعد ملک میں خواتین کے لیے خدشات بڑھ رہے ہیں۔36 سالہ افغان گلوکارہ نے انسٹاگرام فالوورز کو بتایا کہ میں ٹھیک ہوں اور زندہ ہوں اور چند ناقابل فراموش راتوں کے بعد میں دوحہ قطر پہنچ گئی ہوں جہاں سے وہ بعد میں ترکی کی طرف روانہ ہوگئیں ، آریانا سعید افغان فوج کی نمایاں حامی رہی ہیں اور طالبان کے ملک پر قبضہ کرنے سے پہلے انہوں نے کئی بار افغان فوج کی حمایت میں بات کی۔علاوہ ازیں طالبان کے آتے ہی افغانستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، امریکہ نے فنڈز تک طالبان کی رسائی روکنے کے لیے اپنے بینکوں میں افغان حکومت کے 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کی مالیت کے اکاؤنٹس منجمد کردیئے ، امریکی خزانہ کی سیکرٹری جینٹ ییلن اور محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول کے اہلکاروں نے امریکہ میں موجود افغان حکومت کے اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ، جس کے بعد امریکی بینکوں میں افغان حکومت کے 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کے اثاثہ جات منجمد کردیئے گئے ، یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد کیا گیا۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ افغان حکومت کے امریکہ میں موجود کسی بھی مرکزی بینک کے اثاثوں تک طالبان کو رسائی نہیں دی جائے گی ، رپورٹ سے یہ انکشاف بھی ہوا کہ محکمہ خزانہ نے یہ اقدام وائٹ ہاؤس کی ہدایت پر بھی اٹھایا جس کی منظوری صدر جوبائیڈن نے دی ، اس کے علاوہ بائیڈن انتظامیہ طالبان پر دباؤ ڈالنے کے لیے دیگر اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ اس سے پہلے امریکہ نے کابل جانے والی ڈالرز کی شپ منٹس کو روک دیا تھا ، جس کی تصدیق افغانستان کے مرکزی بینک کے صدر اجمل احمدی نے بھی 3 روز قبل کی اور بتایا کہ ڈالرز کی امریکہ سے کابل آمد کو روک دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں