سبیکا امام کی صدف کنول پر شدید تنقید

کراچی (آئی این پی) معروف ماڈل سبیکا امام نے صدف کنول کے حالیہ بیان پر اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انسٹاگرام پر سبیکا امام کی جانب سے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے شہروز سبزواری کی اہلیہ صدف کنول کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔سبیکا امام نے لکھاکہ یہ صرف صدف کی غلطی نہیں، بیچاری اتنا ہی بولے گی جتنا اسے پتا ہے، میرے خیال میں میزبان کو صدف سے سنجیدہ سوال نہیں پوچھنے چاہیے تھے، میزبان کو چاہیے وہ جو بھی سوال کرے اس حوالے سے ذمہ دار ہو، تاکہ ایسے موضوعات معمولی نہ ہوجائیں۔اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک اور پیغام میں لکھا کہ ایک عورت کو اپنے شریک حیات سے محبت کرنی چاہیے اور اس کا خیال رکھنا چاہیے لیکن بحیثیت عورت کے حقوق اور مواقع کو گھر کے کاموں تک محدود کرنا یہ معاشرے میں موجود صنفی ناانصافی میں مبتلا عورتوں کے لیے گمراہ کن، کم علمی اور تکلیف دہ ہے۔اداکارہ نے لکھا کہ کپڑے استری کرنے یا جوتے اٹھانے میں کوئی برائی نہیں ہے، ہر انسان کا پیار کرنے کا انداز اور خیال رکھنے کے طریقے اپنے اپنے ہوتے ہیں، وہ آپ اس کی اچھائی سمجھیں یا اس کا پیار لیکن ایک عورت کی دنیا یہاں شروع ہوکر یہاں ختم نہیں ہوتی۔خیال رہے کہ صدف کنول نے اپنے شوہر اداکار شہروز سبزواری کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے بیویوں کے شوہروں سے متعلق حقوق پر موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ شادی شدہ خاتون کو ناصرف شوہر کے کپڑے استری کرنے ہوتے ہیں بلکہ ان کے جوتے بھی اٹھانے ہوتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close