کنگنا رناوت اپنے خلاف درخواست کو ختم کروانے کیلئے ہائیکورٹ پہنچ گئیں

ممبئی (پی این آئی) اپنے خلاف دائر کیس کے خاتمے کے لیے کنگنا رناوت ممبئی ہائی کورٹ پہنچ گئیں، انھوں نے جاوید اختر کی جانب سے دائر کیس ختم کرنے کی درخوست کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنے وکیل رضوان صدیق کے توسط سےدائر درخواست میں موقف اپنایا کہ اندھیری کی مجسٹریٹ کی عدالت نے ان کے خلاف کیس کی کارروائی میں قانونی ضابطے پورے نہیں کیے۔ درخواست میں بتایا گیا کہ کنگنا نے دندوشی سیشن کورٹ میں بھی اس سلسلے میں درخواست دی تھی جو مسترد ہوگئی، اور اسی وجہ سے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ درخواست میں اس جانب بھی اشارہ کیا گیا کہ ان کے خلاف جاوید اختر کی جانب سے دائر کیے گئے کیس میں گواہان کو پولیس کی جانب سے ڈرایا دھمکایا جاسکتا ہے اور اسی وجہ سے ان کے ریکارڈ کیے گئے بیان پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا جاوید اختر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں حقیقی کیس بنتا ہے کہ نہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے عمل کی اجازت دی جاتی ہے تو اس کے بعد دیگر مجسٹریٹس کے لیے ایک غلط مثال بن جائے گی جبکہ اس کی وجہ سے ملزم کے حقوق بھی متاثر ہوں گے۔

close